امیتابھ بچن کی طبیعت ناساز، سرجری کیلئے ہسپتال منتقل

  • اتوار 28 / فروری / 2021
  • 7770

بولی وڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن کی طبیعت کی ناسازی کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کی سرجری ہورہی ہے۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق امیتابھ بچن نے اپنی صحت کے بارے میں مداحوں کو ٹمبلر پر اپنے بلاگ کے ذریعے آگاہ کیا۔  امیتابھ بچن نے ٹمبلر پر اپنے آفیشل بلاگ 'بچن بول' پر ہفتے کی رات کو کی گئی  پوسٹ میں مختصر الفاظ میں طبیعت کی خرابی اور سرجری کا بتایا۔ اداکار نے مختصر پیغام میں لکھا کہ ’طبی صورتحال، سرجری، مزید لکھ نہیں سکتا‘۔

تاہم 78 سالہ اداکار نے یہ نہیں بتایا کہ ان کی سرجری ہوگئی ہے یا نہیں اور نہ ہی انہوں نے سرجری کی وجہ بتائی۔  امیتابھ بچن کی بلاگ پوسٹ کے سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے اور ان کی صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔

ان دنوں امیتابھ بچن اپنے آنے والی فلم 'مے ڈے' کی شوٹنگ میں مصروف تھے۔ جس میں ان کے ساتھ اجے دیوگن اور راکول پریت سنگھ بھی اداکاری کررہے ہیں۔ امیتابھ بچن نے گزشتہ برس اجے دیوگن کے ساتھ اداکاری کا اعلان کیا تھا اور وہ دنوں ممبئی میں فلم کے سیٹ سے شوٹنگ کی اپ ڈیٹس بھی شیئر کررہے تھے۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس جولائی میں امیتابھ بچن، ان کے بیٹے ابھیشیک بچن، بہو ایشوریا رائے بچن اور ان کی 9 سالہ پوتی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے۔ وہ کورونا سے صحتیاب ہونے تک ممبئی کے ناناوتی ہسپتال میں زیر علاج رہے تھے۔

امیتابھ بچن حالیہ دنوں مختلف پروجیکٹس کی شوٹنگ میں مصروف تھے۔ ان کی آنے والی فلموں میں ایان مکھرجی کی 'برہماسترا' شامل ہے جس میں عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور بھی ہیں جبکہ 'چہرے' میں ان کے ساتھ عمران ہاشمی ہیں۔