اداکار اعجاز درانی انتقال کر گئے

  • سوموار 01 / مارچ / 2021
  • 10240

پاکستانی فلمی اداکار اور 1970 کی مقبول فلم ’ہیر رانجھا‘ میں ’رانجھا‘ کا کردار ادا کرنے والے اداکار اعجاز درانی طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔

اعجاز درانی نے اپنی زندگی کا نصف سے زائد حصہ فلم انڈسٹری کو دیا اور انہیں پاکستانی فلم انڈسٹری کے سنہرے دور کے چند مقبول اداکاروں میں شمار کیا جاتا ہے۔ وہ ضلع گجرات کے ایک گاؤں میں پیدا ہوئے اور 1956 میں اداکاری کا آغاز کردیا۔ ’حمیدہ‘  ان کی پہلی فلم تھی۔ انہیں 1960 کے بعد شہرت ملنا شروع ہوئی۔

اعجاز درانی نے شاندار فلمی کیریئر کے دوران 150 سے زائد فلموں میں کام کیا، ان کی مقبول فلموں میں ’ڈاکو کی لڑکی، گلبدن، عزت، وطن، فرشتہ، شہید، دوشیزہ، بدنام، سرحد، دوست دشمن، گناہ گار، بیٹی، بیٹا، دھوپ اور سائے، جوانی مستانی، ظال، دلبر، دلدار، ناجو، پاک دامن، ہیر رانجھا، زرقا، سلطان، ضدی اور شعلے‘ سمیت دیگر شامل ہیں۔

اعجاز درانی نے ملکہ ترنم نورجہاں اور مقبول اداکارہ فردوس بیگم سے شادیاں کیں۔  ملکہ ترنم نورجہاں سے ان کی تین بیٹیاں ہیں۔ دونوں کی شادی دس سال چلی تھی۔ بعد میں انہوں نے اداکارہ فردوس بیگم سے شادی کی تھی مگر یہ شادی بھی کامیاب نہ ہوسکی۔ انہوں نے مجموعی طور پر تین شادیاں کیں۔

اعجاز درانی کچھ عرصے سے علیل تھے۔ یکم مارچ کو طویل عرصے تک بیمار رہنے کے بعد اپنی رہائش گاہ پر انتقال کر گئے۔ اعجاز درانی کی وفات پر شوبز شخصیات سمیت سیاسی و سماجی شخصیات نے گہرے دکھ کا اظہار کیا اور اداکار کی موت کو فلم انڈسٹری کے لیے نقصان قرار دیا۔