سینیٹ انتخابات میں اپ سیٹ: وزیر اعظم کا ایوان سے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ
- بدھ 03 / مارچ / 2021
- 5180
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں سینیٹ انتخابات کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال میں وزیر اعظم عمران خان نے ایوان سے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسلام آباد میں دیگر وفاقی وزرا کے ہمرا پریس کانفرنس میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ وہ اس وقت وزیر اعظم ہیں جب ایوان کا اعتماد حاصل ہو۔ اس لیے انہوں نے ایوان سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ کھل کر سامنے آجائے کہ کون عمران خان کے نظریہ کے ساتھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کا دن پاکستان کی جمہوریت کے لیے افسوسناک ہے۔ جمہوریت کے علمبرداروں نے آج جمہوری قدروں کو قتل کیا ان کی نفی کی۔ علی حیدر گیلانی کا چہرہ، آواز اور ان کی حرکتیں عوام کے سامنے ہیں اور آج عمران خان کے بیانیے پر مہر ثبت ہوگئی۔ آج سینٹ کے انتخابات میں جو نتیجہ دیکھا اس نے ہمارے بیانیے کو تقویت دی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اپوزیشن کے قول و فعل میں تضاد ہے۔ ہم اپنے نظریے پر قائم ہیں، یہ یکجا ہوگئے ہیں، یہ فرار کی سیاست کرتے ہیں لیکن ہم اس فرار کی سیاست کو دفن کرکے دم لیں گے۔ الیکشن کمیشن شفاف الیکشن کرانے میں ناکام رہا۔
واضح رہے کہ سینیٹ کی 37 نشستوں پر ہونے والے انتخابات کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج میں اسلام آباد سے یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ کی جنرل نشست جیت لی۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی نے حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو شکست دی۔ یوسف رضا گیلانی نے 169 جبکہ عبدالحفیظ شیخ نے 164 ووٹ حاصل کیے۔
غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 18، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے 8، مسلم لیگ (ن) نے 5، بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) نے 6، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے 2، جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے 3، عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے 2، بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل نے 2 اور آزاد امیدوار نے ایک نشست پر کامیابی حاصل کی۔