صادق سنجرانی چیئرمین سینیٹ کے لئے حکومتی امیدوار ہوں گے

  • جمعرات 04 / مارچ / 2021
  • 8670

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ حکومت اور اتحادیوں کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کے لیے صادق سنجرانی ہی اُمیدوار ہوں گے۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے صادق سنجرانی کو چیئرمین سینیٹ برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اعلیٰ قیادت کے ساتھ مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قوم کو کل پتا چل گیا کہ کون کس طرف کھڑا تھا، اپوزیشن ایسی قوتوں کی نمائندگی کر رہی ہے جن کا ہمیشہ ووٹ خریدنے پر انحصار رہا ہے۔ ہفتے کو قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔

وزیراعظم کے اعتماد کے ووٹ سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ بنیادی طور پر ارکان یہاں موجود ہوں گے اور ایسا موقع ہے جس میں پتا چل جائے گا، پاکستان کی تاریخ میں ایسا نہیں ہوا کہ وزیراعظم اپنی اخلاقی قوت کی بنیاد پر اپنے لیے اعتماد کا ووٹ اراکین کی جانب سے دوبارہ لیں۔

ہم نئی روایت، مثبت جمہوری کلچر کے مطابق اور مہذب ممالک میں جڑ پکڑنے والی روایات کو لے کر چلنا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم کو اپنے اراکین کا اعتماد ہوتا ہے اور جمہوریت صرف اخلاقی اقدار پر چلتی ہے جہاں پیسہ اور دھونس کی روایات ہوں تو نہ وہ معاشرے ترقی کرتے ہیں اور نہ ہی وہ ملک ترقی کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کی سینیٹ کی نشست میں حکومتی امیدوار اور وزیر خزانہ حفیظ شیخ کو اپوزیشن کے امیدوار یوسف رضا گیلانی سے شکست ہوئی تھی جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ یوسف رضا گیلانی چیئرمین سینیٹ کے امیدوار ہوں گے۔

واضح رہے کہ سینیٹ (ایوان بالا) کی 37 نشستوں پر ہونے والے انتخابات کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج میں اسلام آباد سے یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ کی جنرل نشست جیت لی ہے۔ غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 18، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے 8، مسلم لیگ (ن) نے 5، بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) نے 6، متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے 2، جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے 3، عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے 2، بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل نے 2 اور آزاد امیدوار نے ایک نشست پر کامیابی حاصل کی۔