اپوزیشن قومی اسمبلی کے اجلاس کا بائیکاٹ کرے گی: مولانا فضل الرحمٰن
- جمعہ 05 / مارچ / 2021
- 5140
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے صدر مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ کل قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن کا کوئی رکن شرکت نہیں کرے گا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ جب عدم اعتماد ہوا تھا تو جن لوگوں نے اپنی وفاداریاں بیچی تھی تو اس وقت عمران خان نے کہا تھا کہ ان کے ضمیر کی آواز ہے۔ آج اپنی پارٹی کے لوگوں سے ووٹ نہ ملنے پر بکنے کے الزامات کیوں لگا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جو دعوے آج تک وہ کرتے رہے ہیں آج ان سب دعوؤں کی حقیقت کھل کر سامنے آگئی ہے۔ اداروں سے کارکنوں کو نکال کر ان اداروں کو کمزور کیا، آٹا، چینی، گھی اور پیٹرول مہنگا کیا۔ عوام اس پر سوال تو کریں گے۔ تجاوزات کے نام پر لاکھوں لوگوں کو بے گھر کر دیا گیا۔ کوئی منصوبہ بندی نہیں ہے۔
مولانا فضل الرحمٰن نے وزیراعظم عمران خان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے الیکشن کمیشن کو مورد الزام ٹھہرایا۔ الیکشن کمیشن نے وضاحت کے ساتھ عمران خان کی تقریری کو غیر منطقی کہا۔ ہم سمجھتے ہیں الیکشن کمیشن کو مورد الزام ٹھہرانا اور سینیٹ کے انتخابات کے حوالے سے بات کرنا اصل موضوع نہیں ہے۔
الیکشن کمیشن کو اگر انہوں نے مورد الزام ٹھہرایا ہے تو فارن فنڈنگ کیس پر دباؤ ڈالنے کے لیے کیا ہے۔ ہم ان کی تمام چالوں کو جانتے ہیں، ہم آپ کو جان چکے ہیں لہٰذا قوم کو مزید بے وقوف نہیں بنایا جا سکتا۔
صدر پی ڈی ایم نے کہا کہ کل قومی اسمببلی میں اپوزیشن کا کوئی رکن نہیں جائے گا۔ پاکستان میں اس وقت کوئی حکومت نہیں ہے اس لیے فوری طور پر نئے انتخابات کا اعلان کیا جائے۔