وزیر اعظم عمران خان پر اعتماد کے ووٹ سے قبل پارلیمنٹ کے باہر ہنگامہ آرائی
- ہفتہ 06 / مارچ / 2021
- 5580
ہفتہ کے روز قومی اسمبلی کے اجلاس سے پہلے تحریک انصاف کے کارکنوں اور اپوزیشن لیڈروں کے درمیان تناؤ دیکھنے میں آیا۔ اس وقت ہنگامہ آرائی اور دھکم پیل بھی ہوئی۔ اپوزیشن نے تحریک انصاف کے کارکنوں پر حملہ کرنے کا الزام لگایا ہے۔
قومیا سمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے 178 اراکین کی حمایت حاصل کر کے اعتماد کا ووٹ حاصل کر لیا تاہم پی ڈی ایم کے ارکان نے اجلاس کا بائیکاٹ کیا تھا۔ متحدہ اپوزیشن جماعتوں کے بائیکاٹ کے باوجود بعض رہنما اجلاس سے پہلے میڈیا سے بات کررہے تھے کہ اس موقع پر تحریک انصاف کے کارکنوں کے ساتھ ناخوشگوار صورت حال پیدا ہوئی۔ تحریک انصاف کے حامیوں اور حزب مخالف کے رہنماؤں کے درمیان ہنگامہ آرائی کا واقعہ پیش آیا۔
مسلم لیگ نواز کے رہنما مصدق ملک، مریم اورنگزیب، احسن اقبال اور شاہد خاقان عباسی ایک پریس کانفرنس کے لیے وہاں پہنچے تو تحریک انصاف کے کارکنان نے ان کے خلاف اور عمران خان کے حق میں نعرے بازی شروع کردی۔ دونوں جانب سے دھکم پیل کے بعد معاملہ ہاتھا پائی تک جا پہنچا۔
تحریک انصاف کے حامی وزیر اعظم پر اعتماد کے ووٹ کی کارروائی سے قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ڈی چوک پر ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے جمع ہوئے تھے۔