ساٹھ سال سے زائد عمر کے افراد کی کورونا ویکسینیشن 10 مارچ سے شروع ہوگی

  • اتوار 07 / مارچ / 2021
  • 5530

وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے اعلان کیا ہے کہ 60 سال سے زائد عمر کے افراد کی ویکسینیشن 10 مارچ سے شروع ہوگی۔

ایک ٹوئٹ میں اسد عمر نے لکھا ہے کہ ویکسینینش عمر کے حساب سے کی جائے گی۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ رجسٹر ہونے والے معمر ترین شخص کو سب سے پہلے ویکسین لگائی جائے گی۔ مزید تفصیلات کل جاری ہوں گی۔

واضح رہے کہ یکم فروری کو چین سے 5 لاکھ کورونا وائرس کی ویکسین کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچی تھی جسے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وصول کیا تھا۔ بعد ازاں وزیراعظم نے کورونا وائرس کی ویکسینیشن مہم کا باقاعدہ آغاز کیا تھا۔ ملک بھر میں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو پہلے ویکسین لگانے کا عمل شروع ہوگیا تھا۔

ملک میں ویکسینشن کے آغاز سے قبل این سی او سی نے ایک جامع پلان مرتب کیا ہے جس کے تحت کورونا ویکسین کا طریقہ کار کو واضح کیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں رجسٹریشن ہورہی ہے۔  خیال رہے کہ ملک میں گزشتہ کچھ روز سے کورونا وائرس کے کیسز میں ایک مرتبہ پھر اضافہ دیکھا جارہا ہے جس کے باعث تیسری لہر کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

ملک میں 7 مارچ تک مجموعی کیسز کی تعداد 5 لاکھ 90 ہزار 508 ہوچکی تھی۔ اموات کی تعداد 13ہزار 205 ہے۔