مہنگائی کی سب وجوہات پر ہمارا کنٹرول نہیں: شبلی فراز

  • اتوار 07 / مارچ / 2021
  • 4570

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات  شبلی فراز نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ ملنے کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے مہنگائی کے خلاف جہاد کا اعلان کیا ہے۔ متوسط اور غریب طبقے کو سبسڈی دی جائے گی ۔

اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ ملک میں معاشی ترقی کے ثمرات عوام تک پہنچیں گے۔ لیکن مہنگائی کی وجوہات مختلف ہیں۔ ان میں کچھ ہمارے ہاتھ میں نہیں ہے۔  بعض چیزیں بر آمد کی جاتی ہیں اس کے باوجود ٹارگیٹڈ سبسڈی دیں گے تاکہ صاحب ثروت کے بجائے مستحق افراد کو فائدہ پہنچے۔

شبلی فراز نے کہا کہ مہنگائی کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے 3 ماہ قبل کام شروع ہوا تھا بہت جلد اس کے ثمرات سامنے آئیں گے۔  ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف، جمہوری پارٹی ہے اور صرف جمہوریت پر یقین رکھتی ہے اور عمران خان نے ہمیشہ اخلاقیات پر مبنی سیاست کی ہے۔ قومی اسمبلی سے وزیر اعظم کو اعتماد کا ووٹ ملنے سے پورے ملک میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم دراصل ان جماعتوں کی نمائندہ تنظیم ہے جنہوں نے اپنے مفادات کو ہمیشہ  اہمیت دی۔ وہ کیسے اپنے مفادات کے خلاف قانون سازی کریں گے۔ اپوزیشن جماعتوں نے سیاست کو کاروبار کے فروغ کے لیے استعمال کیا۔ اس طرح عوام کی حالت بہتر نہیں ہوئی بلکہ اپوزیشن رہنماؤں کی جائیدادوں میں اربوں روپے کا اضافہ ہوا۔

شبلی فراز نے سوال اٹھایا کہ کیا وجہ ہے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی محض ایک صوبے تک محدود ہوگئی ہے جبکہ ماضی میں اس کی نمائندگی چاروں صوبوں میں تھی۔ تحریک انصاف کی تمام صوبوں میں نمائندہ ہے۔ اس کی بنیادی وجہ نظریہ ہے جس پر ہم قائم رہے۔ ہمارا نظریہ کرپشن کے خلاف اور انصاف کی ترقی پر مبنی ہے۔