اپوزیشن میں انتشار کی حکومتی کوشش، مولانا عبد الغفور حیدری کو ڈپٹی چئیرمین بنانے کی پیشکش

  • منگل 09 / مارچ / 2021
  • 5940

حکومت نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری کو سینیٹ میں ڈپٹی چیئرمین شپ کی پیشکش کی ہے تاہم انہوں نے اسے مسترد کردیا۔ دریں اثنا پی ڈی ایم نے انہیں ڈپٹی چئیرمین کے لئے اپنا امیدوار نامزد کردیا ہے۔

اسلام آباد میں جے یو آئی (ف) کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری کی چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ملاقات ہوئی۔  ملاقات میں وزیر دفاع اور پاکستان تحریک انصاف  کے سینئر رہنما پرویز خٹک بھی موجود تھے۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں پرویز خٹک نے کہا کہ ہم نے عبدالغفور حیدری کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے عہدے کی پیشکش کی ہے۔ اس میں سب کا فائدہ ہے۔

مولانا عبدالغفور حیدری نے پی ڈی ایم کی جانب سے انہیں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا امیدوار نامزد کرنے سے متعلق سوال پر کہا کہ مجھے ابھی تک پی ڈی ایم کی جانب سے باضابطہ طور پر آگاہ نہیں کیا گیا۔

بعد ازاں مولانا عبدالغفور حیدری نے حکومتی پیشکش کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کے پاس تمام جماعتوں کے اراکین بیٹھے تھے، ملاقات کے دوران کوئی گفتگو نہیں ہوئی لیکن اس کے بعد پرویز خٹک نے میڈیا کے سامنے گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی وزیر کی میڈیا کے سامنے اس طرح کی گفتگو کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔ حکومت اپوزیشن کو تسلیم ہی نہیں کرتی، اس حکومت کی پیشکش کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ پی ڈی ایم نے جو فیصلہ کیا ہے ہم اس کے پابند ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم مکمل طور پر متحد اور متفق ہے۔ حکومتی وزیر اپنی ڈوبتی کشتی بچانے کے لیے حربے استعمال کر رہے ہیں۔ قبل ازیں اسپیکر قومی اسمبلی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا تھا کہ سینیٹ کے چیئرمین کے لیے مخالفین سے بھی ووٹ مانگنے جاؤں گا۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ سینیٹ الیکشن کے لیے یوسف رضا گیلانی کے پاس ووٹ مانگنے جاسکتا ہوں تو پھر سب کے پاس جاسکتا ہوں، کسی سے کوئی ذاتی اختلاف نہیں، سب مل کر آگے بڑھیں گے۔

واضح رہے کہ سینیٹ کے انتخابات کے بعد ایوان بالا کے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کے لیے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان رسہ کشی میں اضافہ ہوگیا ہے۔ حکومت کی جانب سے صادق سنجرانی کو ایک بار پھر چیئرمین کے لیے نامزد کیا گیا ہے جبکہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک الائنس (پی ڈی ایم) نے یوسف رضا گیلانی کو نامزد کیا ہے۔

اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے سینیٹ میں ڈپٹی چیئرمین کے عہدے کے لیے جمعیت علمائے اسلام (ف) سے امیدوار نامزد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ اپوزیشن لیڈر مسلم لیگ (ن) سے ہوگا۔ پی ڈی ایم کے سیکریٹری اطلاعات میاں افتخار حسین کے مطابق پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں قائم کردہ کمیٹی کا اجلاس آج منعقد ہوا۔