وزیراعظم نے بھوک کے خلاف نئے پروگرام کا آغاز کردیا
- بدھ 10 / مارچ / 2021
- 4650
وزیراعظم عمران خان نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 'کوئی بھوکا نہ سوئے' پروگرام کا آغاز کیا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد محنت کشوں کو بہتر کھانا فراہم کرنا ہے۔
وزیراعظم نے احساس پروگرام کے محکمے، ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور بیت المال کی ٹیم کو 'کوئی بھوکا نہ سوئے' پروگرام کے آغاز کی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے پناہ گاہ دیکھ کر بہت خوشی ہوتی ہے کہ یہ مستحق اور محنت کش کے لیے نعمت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ان پناہ گاہوں کے معیار میں مسلسل اضافہ کیا جارہا ہے کہ مجبوری میں کوئی انسان جب یہاں آئے تو اس کے ساتھ اچھا سلوک کیا جائے۔ ہم نے دیکھا کہ پناہ گاہ کا معیار آہستہ آہستہ پیچھے چلا گیا تھا اور اب ان کا معیار بہتر ہورہا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ اس پروگرام میں بہت سے مخیر حضرات شرکت کرنا چاہتے ہیں۔ پناہ گاہیں اورکوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام ایک فلاحی ریاست کا آغاز ہیں۔
وزیراعظم کے خطاب سے قبل ایم ڈی بیت المال عون عباس اور معاون خصوصی ثانیہ نشتر نے 'کوئی بھوکا نہ سوئے ' پروگرام سے متعلق بریفنگ دی۔ اس پروگرام کے تحت محنت کشوں اور مستحق افراد کو موبائل ٹرکس کے ذریعے کھانا فراہم کیا جائے گا۔
ابتدائی طور پر یہ موبائل ٹرکس اسلام آباد اور راولپنڈی میں چلائے جائیں گے جس کے بعد اس پروگرام کو ملک کے دیگر حصوں تک توسیع دی جائے گی۔