مرزا محمد آفریدی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے سرکاری امیدوار ہوں گے
- جمعرات 11 / مارچ / 2021
- 5180
وزیر اعظم عمران خان نے قبائلی علاقے سابق فاٹا سے تعلق رکھنے والے سینیٹر مرزا محمد خان آفریدی کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے عہدے کے لیے اُمیدوار نامزد کیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں بتایا کہ سابق فاٹا کو نمائندگی دینے کے لیے پی ٹی آئی رکن مرزا محمد خان آفریدی کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے وزیراعظم کے قریبی ذرائع نے بتایا تھا کہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے عہدے کے لئے حکمران جماعت کے 4 ناموں پر غور کیا جارہا ہے۔
جن افراد کے ناموں پر غور کیا جارہا تھا ان میں سیف اللہ نیازی، اعجاز چوہدری، مرزا آفریدی اور عون عباس شامل تھے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے 12 مارچ کو ہونے والے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی جانب سے 26 مارچ کو دھرنے پر بات چیت کے لیے کور کمیٹی کا اجلاس بلایا ہے۔
حکومت نے ارادتاً ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے امیدوار کی جگہ خالی رکھی تھی تا کہ نہ صرف حکومت کی اتحادی جماعتوں بلکہ اس معاملے پر بارگیننگ کے لیے اپوزیشن جماعتوں کو بھی راغب کیا جاسکے۔ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب حکومت کے لیے خاصا مشکل ہے کیوں کہ ایوانِ بالا میں اپوزیشن اراکین کو اکثریت حاصل ہے۔
12 مارچ کو حکومت کے لیے یہ انتخاب جیتنا اس وقت تک ممکن نہیں جب تک کچھ اپوزیشن اراکین حکومت کو ووٹ نہ دیں یا خفیہ بیلٹ کے دوران اپنے ووٹ ضائع نہ کردیں۔ اس وقت ایوانِ بالا میں 99 اراکین موجود ہیں۔
99 اراکین میں 47 کا تعلق حکمران اتحاد جبکہ 52 کا اپوزیشن جماعتوں سے اور اگر جماعت اسلامی کے واحد سینیٹر گزشتہ ہفتے قومی اسمبلی میں انتخاب کی طرح ووٹ ڈالنے نہ آئے تو بھی اس وقت اپوزیشن کے پاس 4 ووٹوں کی برتری ہے۔