مریم نواز کو سنگین دھمکیاں دی گئی ہیں: نواز شریف
- جمعہ 12 / مارچ / 2021
- 6810
پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ نواز کے قائد میاں محمد نواز شریف نے جمعرات کو ٹوئٹر پر ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ان کی بیٹی مریم نواز کو دھمکی دی گئی ہے کہ انہیں 'سمیش' تباہ کر دیا جائے گا۔
مریم نواز نے اپنے والد کی ٹویٹ کے بعد ایک صارف کو جواب دیتے ہوئے ایک ٹویٹ میں کہا کہ انہیں ’صرف دھمکیاں نہیں، گندی گالیاں بھی دی گئیں۔‘ نواز شریف کی جانب سے پاکستانی وقت کے مطابق رات 8.45 پر کی گئی ٹویٹ میں ایک ویڈیو نشر کی گئی۔ پیغام لکھا ہے کہ 'پاکستان کے جمہوری نظام اور اخلاقیات کو پاؤں تلے روندتے ہوئے آپ اس حد تک گر چکے ہیں کہ پہلے آپ نے کراچی میں چادر اور چار دیواری کو پامال کیا۔ رات کے وقت مریم نواز کے ہوٹل کے کمرے کا دروازہ توڑا اور اب انہیں دھمکی دے رہے ہیں کہ اگر وه باز نہ آئیں تو انہیں تباہ کر دیا جائے گا۔'
ویڈیو میں محمد نواز شریف نے کہا کہ ’مریم جس جرات اور ایمان کے ساتھ عوام کے حق حکمرانی اور ووٹ کو عزت دو کی جنگ لڑ رہی ہیں انشا اللہ ان کی حفاظت اللہ کرے گا۔‘ نواز شریف نے کہا کہ 'میں خدائی لہجے میں دھمکیاں دینے والوں کو تنبیہ کرنا چاہتا ہوں کہ اگر کسی نے کوئی مذموم حرکت کی تو اس کے ذمہ دار عمران خان کے علاوہ جنرل قمر جاوید باجوہ، جنرل فیض حمید اور جنرل عرفان ملک ہوں گے۔'
ویڈیو کے اختتام پر نواز شریف نے کہا کہ 'جو کچھ آپ نے کیا ہے اور کرتے چلے آ رہے ہیں، یہ سنگین جرم ہے، اس کا آپ کو بہت جلد حساب دینا پڑے گا۔' انہوں نے ویڈیو بیان میں الزام عائد کیا کہ 'آپ' نے سینیٹ انتخاب میں شکست کے بعد وزیر اعظم عمران خان کی اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں بھی مدد کی اور 'ڈسکہ کا الیکشن 2018 کے عام انتخابات کا ری پلے تھا۔‘ انہوں نے کہا کہ'پھر کہتے ہیں کہ ہمیں سیاست میں نہ گھسیٹا جائے۔'
واضح رہے کہ حکومت وزیر اعظم کے اعتماد کے ووٹ اور ڈسکہ انتخابات میں اپوزیشن کے الزامات کو مسترد کرتی رہی ہے۔ حکومت کا الزام ہے کہ دراصل اپوزیشن نے سینیٹ کے انتخاب میں پیسے کے زور پر کامیابی حاصل کی۔
پاکستانی فوج کے ترجمان ڈی جی آئی ایس پی آر بھی حالیہ عرصے میں مسلم لیگ ن کی قیادت کی فوجی قیادت پر سیاست میں مداخلت کی تنقید کو مسترد کرتے رہے ہیں۔ ان کا سیاستدانوں سے کہنا ہے کہ فوج کو سیاست میں نہ گھسیٹا جائے۔