پاکستان میں کورونا وائرس کی نئی لہر آ چکی ہے: ڈاکٹر فیصل سلطان
- جمعہ 12 / مارچ / 2021
- 5060
پاکستان کے وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی ایک نئی لہر آ چکی ہے۔ پورا پاکستان کورونا وائرس کی نئی لہر کی زد میں ہے۔
ایک ویڈیو بیان میں ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ اگر ہم نے احتیاط کا دامن ہاتھ سے چھوڑا تو یہ لہر پورے پاکستان میں بری طرح پھیل سکتی ہے۔ دنیا بھر میں کورونا وائرس کی نئی اقسام آ چکی ہیں۔ دیکھا گیا ہے کسی بھی وائرس کی نئی اقسام بہت تیزی سے پھیلتی ہیں۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔
ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے اور نئے وائرس کی کچھ اقسام بہت زیادہ خطرناک بھی ہو سکتی ہیں۔ دوسری جانب پارلیمانی سیکریٹری برائے صحت ڈاکٹر نوشین حامد کا کہنا ہے کہ بھارت کی طرف سے ایکسپورٹ لائسنس کے اجرا میں تاخیر کی وجہ سے پاکستان کو کوویکس کے تحت ویکسین کی فراہمی میں تاخیر ہو رہی ہے۔
گزشتہ برس عالمی ادارہ صحت نے 'کوویکس' کے نام سے ایک پروگرام شروع کیا تھا جس کا تحت یہ منصوبہ تشکیل دیا گیا ہے کہ ویکسین کی خوراکوں تک رسائی حاصل کر کے انہیں غریب یا ویکسین سے محروم ممالک تک پہنچایا جائے گا۔ رپورٹس کے مطابق پاکستان میں اب تک عام شہریوں کے لیے ویکسین کی فراہمی شروع نہیں ہو سکی ۔
پاکستان میں ہیلتھ ورکرز کو ویکسین لگانے کے بعد اب 60 سال سے زائد عمر کے شہریوں کو ویکسین فراہم کی جا رہی ہے۔ کوویکس پروگرام کے تحت پاکستان کو ویکسین فراہم کی جائے گی۔ لیکن اب تک یہ ویکسین پاکستان نہیں پہنچ سکی ہے۔ پاکستان کو بھارت میں تیار کردہ ایسٹرازینیکا کی ویکسین فراہم ہوگی۔ رواں ماہ دو مارچ سے اس کی ترسیل پاکستان کے لیے شروع ہونی تھی۔
پارلیمانی سیکریٹری برائے صحت ڈاکٹر نوشین حامد کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے اس ویکسین کے لیے ایکسپورٹ لائسنس کے اجرا میں تاخیر کی وجہ سے اب تک یہ ویکسین پاکستان کو فراہم نہیں کی جا سکی۔ ان کے بقول پاکستان چاہتا ہے کہ جلد سے جلد یہ ویکسن پہنچے تاکہ عام شہریوں کو فراہم کی جا سکے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافے کی وجہ سے حکومت نے دوبارہ سے ایس او پیز پر عمل درآمد کرانے کا اعلان کیا ہے۔