ٹریک سسٹم کے بغیر ٹیکس چوری نہیں رک سکتی: عمران خان
- منگل 16 / مارچ / 2021
- 4410
وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں ٹیکس چوری کے خلاف فیڈرل بورڈ آف ریونیو گزشتہ 15 برس سے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم لانے کی کوشش کررہا ہے لیکن ہر مرتبہ اس کے اقدامات کو سبوتاژ کردیا جاتا ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ایف بی آر نے وفاقی حکومت کو یقین دہانی کرائی تھی کہ یکم جون سے ٹریک سسٹم نافذ العمل ہوگا۔ انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ ایف بی آر کے ٹریک سسٹم کے خلاف سندھ ہائیکورٹ نے حکم امتناع جاری کردیا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ایف بی آر نے گزشتہ پانچ برس میں صرف شوگر ملز انڈسٹری پر 400 ارب روپے کا ٹیکس لگایا۔ انہوں نے زور دیا کہ مکمل تحقیقات کے بعد مذکورہ انڈسٹری پر ٹیکس لگایا گیا لیکن اگر ٹریس اینڈ ٹریک سسٹم ہوتا تو وقت اور توانائی بچ سکتے تھے اور وسائل زیادہ خرچ نہ ہوتے۔
عمران خان نے کہا کہ جب تک ایف بی آر میں ٹریس اور ٹریک سسٹم نافذ العمل نہیں ہوگا اس وقت تک ٹیکس چوری نہیں روک سکتے۔ ٹیکس چوری کے نتیجے میں حکومت کو ان ڈائریکٹ ٹیکس لگانے پڑتے ہیں جس کی وجہ سے مہنگائی ہوتی ہے۔
وزیر اعظم نے وزیر قانون فروغ نسیم کو مخاطب کرکے کہا کہ وہ سندھ ہائیکورٹ میں ٹریک سسٹم کے نفاذ کے خلاف حکم امتناع کو ختم کرانے کے لیے عدالت کو باور کرائیں کہ یہ اقدام ملکی معیشت کے لیے اہم ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے الیکٹرونک ووٹنگ مشین متعارف کروانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔