وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہیلہ کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آگیا
- ہفتہ 20 / مارچ / 2021
- 4360
وزیر اعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے جس کے بعد انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا۔ بعد میں سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق خاتون اول بشری بی ببی کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے سب سے پہلے ٹوئٹر پر تصدیق کی تھی کہ عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا۔
وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ اور خاتون اول بشریٰ بی بی بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئی ہیں۔ تحریک انصاف کے سینیٹر اور سینئر رہنما فیصل جاوید خان نے ٹوئٹر پر تصدیق کی کہ وزیر اعظم کی اہلیہ کا بھی کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
واضح رہے کہ 18 مارچ کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے بھی کورونا وائرس کی ویکسین لگوائی تھی۔ وزیر اعظم میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد ویکسین سے متعلق قیاس آرائیوں کا سلسلہ شروع ہوگیا جس پر وفاقی وزیر نے ویکسین سے متعلق افواہوں کی تردید کی ہے۔ اور کہا ہے کہ ویکسین لینے کے چند دن بعد جسم میں وائرس سے محفوظ رہنے کی صلاحیت پیدا ہوتی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ وزیر اعظم خیبر پختونخوا کے دورے پر تھے جہاں انہوں نے ملاکنڈ یونیورسٹی کا دورہ کیا اور ایک نئے تعلیمی بلاک کا افتتاح کیا اور طلبہ سے خطاب کیا تھا۔ علاوہ ازیں انہوں نے سوات موٹر وے کا بھی دورہ کیا تھا اور سوات ایکسپریس وے سرنگ کا افتتاح کیا تھا۔
وزیر اعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ٹوئٹر پر وفاقی وزرا سمیت دیگر شخصیات کے پیغامات کا بھرمار ہوگئی۔ ان پیغامات میں وزیر اعظم کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔