پاکستان میں کورونا: احتیاط نہ کی تو صورتحال خراب ہوجائے گی: فیصل سلطان

  • ہفتہ 20 / مارچ / 2021
  • 3390

ملک میں کورونا کی تیسری لہر کے دوران بڑھتے ہوئے کیسز کے سبب جولائی کے بعد ملک میں ایک دن میں سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی فیصل سلطان نے خبردار کیا ہے کہ اگر احتیاط نہ کی تو صورتحال ہاتھ سے نکل سکتی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی طرف سے جاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 3 ہزار 876 افراد کے کووڈ19 کے ٹیسٹ مثبت آئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 6 لاکھ 23 ہزار 135 ہو گئی ہے۔

یہ 8 ماہ کے بعد ملک میں ایک دن میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ اس سے قبل 2 جولائی 2020 کو ملک میں آخری بار 3ہزار 800 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ اس دوران مزید 42 افراد زندگی کی بازی بھی ہار گئے جن میں سے 15 وینٹیلیٹر پر موجود مریض تھے۔ ملک بھر میں مجموعی اموات کی تعداد 13 ہزار 799 ہو گئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 40 ہزار 946 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے سندھ میں 10 ہزار 445، پنجاب میں 15 ہزار 212، خیبرپختونخوا میں 7 ہزار 753، اسلام آباد میں 5 ہزار 958، بلوچستان میں 362، گلگت بلتستان میں 330، آزاد کشمیر میں 866 ٹیسٹ شامل ہیں۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد ملک میں تعلیمی اداروں کی بندش کے ساتھ ساتھ مختلف پابندیوں اور لاک ڈاؤن کے نفاذ اور ہٹانے کا سلسلہ جاری رہا۔

ملک میں وائرس کی تیسری لہر کے پیشِ نظر کئی علاقوں میں دوبارہ لاک ڈاؤن اور اسمارٹ لاک ڈاؤن لگائے گئے ہیں جبکہ 9 شہروں کے تعلیمی اداروں میں موسم بہار کی تعطیلات دے دی گئی تھیں۔