غیرآئینی طاقتوں کے داغ دار چہروں کو بے نقاب کرنا ہے: نواز شریف
- اتوار 21 / مارچ / 2021
- 3880
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ جب بھی جمہوری حکومتیں ملک کو ترقی کی طرف لے جاتی ہیں تو ان کوناکام کیا جاتا ہے۔ اب غیر آئینی طاقتوں کے داغ دار چہروں کو بے نقاب کرنا ہے۔
لاہور میں مسلم لیگ (ن) کی یوتھ ونگ کے کنونشن سے ورچوئل خطاب میں نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کا ہر کارکن تحسین کے قابل ہے کیونکہ آپ پاکستان کو مشکل ترین وقت سے نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ نوجوان پاکستان میں نئی سیاست کےمعمار بنیں گے اور اس وقت ہم تاریخ ساز جدوجہد سے گزر رہے ہیں۔ پاکستان ایک ٹھوس نظریے کی بنیاد پر حاصل کیا گیا تھا، 73 سال گزرنے کے باوجود ملک آج بھی قائداعظم کی منزل کا متلاشی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کتنے افسوس کی بات ہے کہ 73 سال گزرنے کے باوجود ہم اپنی منزل کا تعین نہیں کرسکے۔ ابھی تک اپنی منزل اور راستے کا پتہ نہیں ہے۔ دنیا چاند سے آگے مریخ پر پہنچ گئی لیکن ہم اس دنیا میں اپنے ملک پاکستان کا راستہ تلاش نہیں کرسکے۔ جو ملک ہمارے بعد آزاد ہوئے اور ہم سے بہت پیچھے تھے لیکن آج ہم سے بہت آگے نکل چکے ہیں۔ ان کے ملک میں ووٹ کا احترام کیا جاتا ہے اور ووٹ کو عزت ملتی ہے، ملک کو آئین، قانون اور دستور کےمطابق چلایا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ ملک کسی قانون کے تحت چلتے ہیں، وہاں عدالتیں انصاف کرتی ہیں، وہاں انصاف نہیں بکتا، وہاں کی فوج اور جرنیل شب خون نہیں مارتے اور وہاں کے جرنیل امریکا میں جا کر پاپاجونز نہیں بناتے۔ بلکہ آئین کی پاسداری کرتے ہیں، اپنے ملک کی رکھوالی کرتے ہیں، آئین و قانون، عدالتوں، سیاست دانوں، پارلیمنٹ اور قانون کی بالادستی کا احترام کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں کیا ہوتا ہے؟ یہاں آئین اور قانون کی بار بار دھجیاں اڑائی جاتی ہیں اور عوام کے ساتھ مذاق کیا جاتا ہے۔ ووٹ چوری ہوتا ہے، الیکشن مسلم لیگ (ن) جیتتی ہے لیکن آر ٹی ایس بند کرکے، رات کے اندھیرے میں بکسے بدل کر ایک سلیکٹڈ کو بٹھا دیا جاتا ہے۔ کئی دن نتائج نہیں آتے اور اعلان کسی اور کا کیا جاتا ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ یہی وجہ ہے ہم دن بدن معاشی بدحالی کی دلدل میں پھنستے اور دھنستے چلے جا رہے ہیں۔ جب بھی کسی جمہوری حکومت نے ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالا تو رکاوٹیں کھڑی کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ کو اس بات کا اندازہ ہے کہ آپ کر کیا رہے ہیں؟ یہ سب کچھ پاکستان کو کدھر لے کر جارہا ہے؟ یہاں آئے دن نئے نئے پلاٹ اپنے لیے الاٹ کیے جاتے ہیں۔ یہ پاکستان کی سرزمین کسی کی جاگیر نہیں، یہ اگر کسی کی جاگیر ہے تو 22 کروڑ عوام کی جاگیر ہے۔