کورونا کی تیسری لہر: پاکستان میں رات 8 بجے کے بعد تمام کاروبار بند رہیں گے
- سوموار 22 / مارچ / 2021
- 6100
نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک میں کورونا کی تیسری لہر کے پیش نظر تمام کاروباری سرگرمیاں رات آٹھ بجے تک بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا جہاں تمام صوبوں کے چیف سیکریٹریز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی اور کورونا سے متعلق متعدد فیصلے کیے گئے۔ این سی او سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں کووڈ سے متعلق حالات پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا اور اس حوالے سے 8 فیصد سے زیادہ کیسز کی شرح کے حامل علاقوں میں 3 روز کی بنیاد پر مزید بندشوں پر اتفاق کیا گیا۔
1جائزے کی بنیاد پر پرٹوکولز کے سخت نفاذ کے ساتھ لاک ڈاؤن پر عمل درآمد اور بغیر کسی ایمرجنسی کے نقل و حرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔ ہر قسم کے بند مقامات پر کھانے کی سہولت بند ہوگی لیکن کھانا ساتھ لے جانے کی اجازت ہوگی۔
رات 8 بجے تک تمام کاروباری سرگرمیاں بند کردی جائیں گی۔ تقریبات میں زیادہ سے زیادہ 300 افراد کو کووڈ ایس او پیز پر سخت پابندی کے ساتھ اجازت ہوگی تاہم بند جگہوں پر ثقافتی، موسیقی، مذہبی یا دیگر تقریبات پر پابندی ہوگی۔ سنیما اور مزار مکمل طور پر بند ہوں گے۔ کھیلوں میلوں اور دیگر ایونٹس پر مکمل پابندی ہوگی۔
کھلے مقامات پر شادی کی تقریبات میں 300 تک مہمان شریک ہوسکیں گے۔ پارکس مکمل طور پر بند رہیں گے تاہم واکنگ یا جوگنگ ٹریکس سخت ایس او پیز کے ساتھ بدستور کھلے ہوں گے۔
این سی او سی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پابندیوں پر مکمل عمل درآمد کیا جائے گا اور 11 اپریل 2021 تک یہ نافذ رہیں گی۔ تاہم 7 اپریل کو از سر نو جائزہ لیا جائے گا۔ تعلیمی سرگرمیوں سے متعلق 24 مارچ کو جائزہ لیا جائے گا۔