مریم کی پیشی پر حفاظتی اقدالات

  • منگل 23 / مارچ / 2021
  • 3120

مریم نواز کی 26 مارچ کو نیب پیشی کے موقع  پر نیب لاہور کی درخواست پر پنجاب حکومت نے نیب آفس کو ریڈ زون قرار دیا ہے۔    25 اور 26 مارچ  کو اس علاقے میں رینجرز اور پولیس تعینات  ہوں گی۔

وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے کہا ہے کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن ہوگا۔ کوررونا ایس او پیز کے خلاف ورزی کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جاسکتی۔

حکومت پنجاب کی جانب سے رینجرز کی خدمات لینے کے لیے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا گیا ہے۔  واضح رہے کہ نیب نے گزشتہ روز مریم نواز کی 26 مارچ کو پیشی کے موقع پر سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پولیس اور رینجرز کی معاونت حاصل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

نیب کے بیان میں کہا گیا تھا کہ 26 مارچ کو مریم نواز کی نیب لاہور میں قانون کے مطابق دو انکوائریوں میں پیشی کے موقع پر نیب لاہور کی عمارت پر چڑھائی کرنے، پتھراؤ، سرکاری فرائض کی انجام دہی میں رکاوٹ پیدا کرنے اور عمارت کو نقصان پہنچانے کی اطلاعات ہیں۔ اس لئے نیب لاہور نے قانون کے مطابق تمام آئینی اقدامات کئے ہیں۔

خیال رہے کہ نیب نے مریم نواز کو چوہدری شوگر ملز کیس اور اراضی کی مبینہ غیر قانونی منتقلی کے کیس میں 26 مارچ کو طلب کر رکھا ہے۔ مریم نواز کو منی لانڈرنگ اور رائیونڈ میں اراضی کی مبینہ غیر قانونی منتقلی کے معاملہ میں دو انکوائریز کا سامنا ہے۔

دو روز قبل انہوں نے کہا تھا کہ وہ 26 مارچ کو نیب حکام کے سامنے پیش ہوں گی تاہم تنبیہ کی تھی کہ یاد رکھنا کہ وہ وقت گزر گیا جب نیب جب چاہتا تھا تو اٹھا کر بند کر دیتا تھا۔ جتنی قربانیاں دینی تھی دے چکے، اب قربانیاں دینے کا نہیں حساب لینے کا وقت آگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب مسلم لیگ (ن) یا مریم نواز شریف نیب یا اس کے پیچھے عمران خان کے لیے آسان ہدف نہیں بنے گی۔ تم نے کوئی گڑ بڑ کرنے کی کوشش کی تو ہم بھرپور مقابلہ کریں گے۔