طاقتور وں کو قانون کی حکمرانی کے تابع بنایا جا رہا ہے: وزیراعظم

  • منگل 23 / مارچ / 2021
  • 3760

 وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اب تک ہم اپنی زبردست صلاحیتوں سے استفادہ حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ پاکستان اپنے ٹریک پر واپس آ چکا ہے۔ طاقتور کو قانون کی حکمرانی کے تابع بنایا گیا ہے۔

ٹویٹر پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے لکھا کہ 15 سو سال قبل ہمارے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے مدینہ میں پہلی فلاحی ریاست قائم کی، فلاحی ریاست کا مقصد قانون کی حکمرانی ، میرٹ ، جمہوریت اور رواداری پر مبنی معاشرہ تھا۔ عمران خان نے  کہا کہ ریاست مدینہ میں علم کی تلاش کو ایک مقدس فرض بنا دیا گیا تھا، چند دہائیوں میں مسلمان اگلی چند صدیوں کے لئے سب سے بڑی تہذیب بن چکے تھے۔

 انہوں نے کہا کہ جب مسلمان رہنما  اصولوں سے دور ہوگئے تو تہذیب کا زوال شروع ہوا۔ آج سے 81 سال پہلے ہمارے قائد نے ہمیں پاکستان کا خواب دیا، ریاست مدینہ کے اصولوں پر مبنی مملکت خداداد کا تصور عظیم شاعر اقبال کا تھا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اب تک ہم اپنی زبردست صلاحیتوں سے استفادہ حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں، اس کی بنیادی وجہ قائدؒ کے ویژن پر عملدرآمد نہ کرنا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ آج پاکستان اپنے ٹریک پر واپس آ چکا ہے، طاقتور کو قانون کی حکمرانی کے تابع لایا گیا، فلاحی ریاست کے قیام کیلئے پنا گاہوں اور ہیلتھ کارڈز کے ذریعے غریب طبقے کا احساس کیا گیا۔