میں پی ڈی ایم کو نقصان پہنچانا نہیں چاہتا: بلاول بھٹو زرداری

  • ہفتہ 27 / مارچ / 2021
  • 4730

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے واضح کیا ہے کہ وہ چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے معاملے پر جوڈیشل اپیل میں جائیں گے۔ جب بھی عدالت کیس کو میرٹ پر سنے گی تو کامیابی پی ڈی ایم کی ہی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ  میں چاہوں گا کہ پی ڈی ایم کا اتحاد برقرار رہے۔ میں پی ڈی ایم کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتا۔ میں اختلاف کی حوصلہ افزائی نہیں کرنا چاہتا۔ مریم صاحبہ کا ہم احترام کرتے ہیں۔ میں پی ڈی ایم کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتا ہوں اور میں اکے الزامات پر بات نہیں کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین سینیٹ اور اپوزیشن لیڈر بننے کا حق پیپلز پارٹی کا تھا کیونکہ وہ سینیٹ میں بڑی جماعت ہے۔  میں نہیں سمجھتا کہ گیلانی صاحب کے لیڈر آف دی اپوزیشن بننے پر کوئی اعتراض ہونا چاہیے تھا۔ سمجھ نہیں آتی کہ ایک جماعت نے اتنا سخت فیصلہ کیوں کیا جس سے ہماری جماعت کے کچھ لوگوں کو محسوس ہوا کہ پیپلز پارٹی کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جن جماعتوں نے لیڈر آف دی اپوزیشن میں ساتھ دیا یا نہیں دیا لیکن پیپلز پارٹی ان کے ساتھ اپوزیشن میں مل کر کام کرے گی۔   ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم عزت اور برابری کے ساتھ اس کو چلانے کی کوشش کریں تو اتحاد کامیاب بھی ہو گا اور برقرار بھی رہے گا لیکن کسی کی ڈکٹیشن پر اتحاد نہیں قائم رہ سکتا۔

انھوں نے اس بات سے انکار کیا کہ اپوزیشن لیڈر کے حوالے سے پہلے فیصلہ ہوگیا تھا۔

پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی کے سینیٹ میں قائدِ حزبِ اختلاف بننے کے معاملے پر مریم نواز کا پی ڈی ایم کے مستقبل کے بارے میں کہنا تھا وہ پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمان کے مؤقف کی منتظر ہیں۔