مریم نواز اور مولانا فضل الرحمان بیمار ہوگئے
- اتوار 28 / مارچ / 2021
- 6020
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے طبیعت ناساز ہونے پر سیاسی سرگرمیاں چند روز کے لیے منسوخ کردی ہیں۔
ٹوئٹر پر ایک پیغام میں مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بتایا کہ مریم نواز نے طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے آئندہ 4 روز کے لیے سیاسی سرگرمیاں منسوخ کردی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی نائب صدر کو تیز بخار اور گلے میں شدید درد ہے۔
مریم اورنگزیب نے بتایا کہ ان کا کورونا کا ٹیسٹ بھی کرایا گیا ہے جس کی رپورٹ کا اتنظار ہے۔ ڈاکٹرز نے مریم نواز کو آرام کا مشورہ دیا ہے جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ وہ سیاسی سرگرمیاں چند روز کے لیے منسوخ کردیں۔ پارٹی ترجمان نے بتایا کہ مریم نواز طبعیت کی ناسازی کے باوجود لاہور ہائی کورٹ گئی تھیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے ایک موقع پر رپورٹرز سے کہا تھا کہ ان کے گلے میں درد ہے اس لیے وہ زیادہ اونچی آواز میں بات نہیں کرسکتیں۔
علاوہ ازیں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی طبیعت بھی ناساز ہے۔ اس حوالے سے پارٹی کے ترجمان نے تصدیق کی کہ مولانا فضل الرحمن 2 روز سے بخار میں مبتلا ہیں اور ڈیرہ اسمعیل خان میں اپنی رائش گاہ پر صاحب فراش ہیں۔ مولانا فضل الرحمٰن کا کورونا ٹسیٹ منفی آیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمن نے طبعیت کی ناسازی کی وجہ سے سیاسی سرگرمیاں معطل کردی ہیں۔ ڈاکٹرز نے انہیں مکمل آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔