پاکستان میں 5 اپریل شادیوں و دیگر تقریبات پر مکمل پابندی کا فیصلہ

  • اتوار 28 / مارچ / 2021
  • 4480

ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر صوبوں میں ہاٹ اسپاٹ میں لاک ڈاؤن کے نفاذ کے ساتھ ساتھ 5 اپریل سے شادیوں و دیگر تقریبات کے انعقاد پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن (این سی او سی) کا اجلاس اسد عمر کی زیر صدارت اتوار کو منعقد ہوا جس میں صوبہ پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے چیف سیکریٹریز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔  ملک میں وائرس کی تیسری لہر کے دوران بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر چند اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 29 مارچ 2021 سے ملک کے تمام صوبوں میں ہاٹ اسپاٹ کی نشاندہی کر کے وہاں لاک ڈاؤن نافذ کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ 5 اپریل سے ان ڈور اور آؤٹ ڈور شادیوں اور تقریبات پر بھی مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔ صوبوں کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے پابندیاں لاگو کر سکتے ہیں۔

صوبوں میں ٹرانسپورٹ میں مسافروں کی کمی کے لیے بھی مختلف آپشن زیر غور ہیں اور اس حوالے سے حتمی فیصلہ صوبوں کی رائے اور بذریعہ ریل، ٹرین اور ہوائی جہاز سفر کرنے والوں کے اعدادوشمار موصول ہونے کے بعد کیا جائے گا۔ صوبوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ این سی او سی کی جانب سے دیے گئے اہداف کو بروقت حاصل کریں۔

مذکورہ پابندیوں کا اطلاق ان علاقوں اور شہروں میں ہوگا جن میں مثبت کیسز کی شرح 8 فیصد یا اس سے زائد ہے۔ اس سے قبل ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیر منصوبہ و ترقی اسد عمر نے پابندیوں کے نفاذ کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ آج این سی او سی میں صوبائی چیف سیکریٹریز کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور ملک میں بڑھتے ہوئے کیسز اور وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کی وجہ سے ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ اس لئے پابندیاں سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔