وزیراعظم کورونا وائرس سے مکمل صحت یاب ہوگئے

  • منگل 30 / مارچ / 2021
  • 4950

وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس سے مکمل صحت یاب ہونے کے بعد ڈاکٹروں کی ہدایت کے مطابق جزوی طور فرائض کی انجام دہی شروع کردی ہے۔

ٹوئٹر پر سینیٹر فیصل جاوید خان نے کہا کہ الحمدللہ وزیراعظم عمران خان بالکل صحت یاب ہو گئے ہیں۔  ڈاکٹروں کی ہدایت، قومی اور بین الاقوامی گائیڈ لائنز کے مطابق انہوں نے جزوی طور پر امور کی انجام دہی شروع کردی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر نے عوام کو کورونا سے احتیاط کی تاکید کی۔ خیال رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں وزیر اعظم عمران خان نے کورونا ویکسین کی پہلی خوراک لگوائی تھی لیکن وہ دوسری خوراک لینے سے قبل وائرس کا شکار ہوگئے تھے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے 20 مارچ کو ٹوئٹر پر تصدیق کی تھی کہ عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے دو روز قبل کورونا کی تیسری لہر سے متعلق اپنے پیغام میں کہا تھا کہ میں نے کورونا کے خلاف ایک سال تک پوری احتیاط کی، کسی ریستوران میں کھانا نہیں کھایا، کسی شادی پر نہیں گیا، سماجی فاصلہ بھی رکھا اور ماسک بھی پہنا ہوا تھا اور میں بچا رہا۔ انہوں نے کہا تھا کہ کووڈ کی پہلی دو لہروں میں ان پاکستانیوں میں شامل تھا جو اس بیماری سے بچا ہوا تھا لیکن سینیٹ الیکشن میں مجھ سے وہ احتیاط نہیں ہوئی جو مجھے کرنی چاہیے اور مجھے بھی یہ وائرس ہوگیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم ملک کو بند تو نہیں کرسکتے  لیکن اس کے لیے کم ازکم ایس او پیز پر پوری طرح عمل کریں اور دوسروں کو بھی کہیں کیونکہ کورونا کی تیسری لہر زیادہ شدت والی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیردفاع پرویز خٹک بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں اور آج سابق وزیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی کے سبب 28 مارچ کو ان شہروں میں ہر قسم کے اجتماعات پر مکمل پابندی عائد کردی تھی جہاں کیسز کے مثبت آنے کی شرح 8 فیصد سے تجاوز کر گئی ہو۔