برطانیہ نے پاکستان کو سفری پابندیوں کی ریڈ لسٹ میں شامل کرلیا
- جمعہ 02 / اپریل / 2021
- 4890
کورونا وائرس کی نئی قسم کے بڑھتے ہوئے کیسز کے تناظر میں برطانیہ نے 9 اپریل سے پاکستان سمیت 4 ممالک کو پابندیوں سے متعلق ریڈ لسٹ میں شامل کرلیا ہے۔
برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر سے ٹوئٹر پر بتایا کہ 9 اپریل سے برطانیہ میں شروع ہونے والی سفری پابندیوں میں پاکستان بھی شامل ہوگا۔ کرسچن ٹرنر نے کہا کہ برطانوی حکومت نے کووڈ-19 کیسز پر متعلق نظرثانی کے بعد سرحدی حدود میں داخلے کے حوالے سے فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان کو برطانیہ کی سفری پابندیوں کی ریڈ لسٹ میں شامل کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریڈ لسٹنگ کا مطلب یہ ہے کہ صرف انگلینڈ اور آئرلینڈ کے شہریوں اور برطانیہ میں رہائش کے حقوق رکھنے والے افراد کو برطانیہ آنے کی اجازت ہوگی۔ برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ اگر وہ برطانیہ آمد سے 10 روز قبل پاکستان میں مقیم رہے ہوں گے تو مسافروں کو لازمی طور پر 10 روز تک ہوٹل میں قرنطینہ کرنا ہوگا اور اس قیام کی ادائیگی بھی خود کرنا ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ 9 اپریل یعنی جمعے کی صبح 4 بجے سے ان اقدامات کا اطلاق ہوگا۔ کرسچن ٹرنر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازیں جاری رہیں گی لیکن پروازوں کے شیڈول میں تبدیلی ہوسکتی ہے۔
بی بی سی کے مطابق برطانوی حکومت نے پاکستان سمیت 4 ممالک فلپائن، کینیا اور بنگلہ دیش کو ریڈ لسٹ میں شامل کیا ہے۔ برطانوی حکومت نے اس وقت لگ بھگ 40 ممالک کو ریڈ لسٹ میں شامل کیا ہے جن پر سفری پابندی عائد کی گئی ہے۔ کورونا وائرس کے باعث برطانیہ میں نافذ موجودہ قوانین کے مطابق غیرمعمولی وجوہات کے علاوہ برطانیہ سے غیرضروری سفر پر پابندی عائد کی گئی ہے۔