موسمیاتی تبدیلی کانفرنس میں پاکستان کو مدعو نہ کرنے پر واویلا حیران کن ہے: عمران خان

  • ہفتہ 03 / اپریل / 2021
  • 5210

وزیر اعظم عمران خان نے موسمیاتی تبدیلی کی عالمی کانفرنس میں پاکستان کو مدعو نہ کرنے پر اٹھنے والے شور شرابے پر تعجب کا اظہار کیا ہے۔

ٹوئٹر پیغام میں انہوں نے کہا کہ مجھے موسمیاتی تبدیلی کی کانفرنس میں پاکستان کو مدعو نہ کرنے سے متعلق شور وغل پر تعجب ہے۔ میری حکومت کی ماحولیاتی پالیسیاں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے کے لیے ہیں۔ تاکہ ہماری آئندہ نسلوں کو صاف ستھرا اور سبز پاکستان فراہم ہو۔ وزیر اعظم نے کلین اور گرین پاکستان مہم اور 10 ارب درخت سونامی کا حوالہ دیا۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم کا بیان ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب موسمیاتی تبدیلی کے امریکی ایلچی جان کیری یکم سے 9 اپریل کے دوران ابوظہبی، نئی دہلی اور ڈھاکہ کا سفر کریں گے۔  اس دورہ میں پاکستان کو شامل نہیں کیا گیا۔  اس سے پہلے امریکی صدر بائیڈن نے 40 عالمی رہنماؤں کو ماحولیاتی کانفرنس میں مدعو کیا تھا لیکن پاکستان کو مدعو نہیں کیا گیا۔

وزیر اعظم عمران نے ٹوئٹ میں مزید کہا کہ ہمیں 7 برس کا وسیع تجربہ ہے جس کا سفر خیبر پختونخواہ سے شروع ہوا اور ہماری پالیسیوں کو تسلیم کیا گیا۔ ہم کسی بھی ریاست کے ساتھ اپنا تجربہ شیئر کرنے کے لیے تیار ہیں۔  عالمی برادری اگر ماحولیاتی تغیرات کے مہلک اثرات سے نمٹنے میں سنجیدہ ہے تو میں ماحولیاتی تغیرات کے حوالے سے اقوام متحدہ کے 2021 میں ہونے والے اجلاس  میں اپنی ترجیحات کی بھرپور وضاحت کرچکا ہوں۔