انڈونیشیا و مشرقی تیمور میں سیلاب، 97 افراد ہلاک
- سوموار 05 / اپریل / 2021
- 5040
انڈونیشیا کے مشرقی علاقوں اور ہمسایہ ملک مشرقی تیمور میں طوفانی بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 97 افراد ہلاک اور کئی لاپتہ ہوگئے ہیں۔ حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہلاکتوں میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔
خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق انڈونیشیا اور مشرقی تیمور میں سیروجا سائیکلون کے باعث سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے 97 سے زائد افراد ہلاک اور ہزاروں افراد بے گھرہو گئے ہیں۔ ڈیزاسٹر ایجنسی بی این پی بی کا کہنا تھا کہ انڈونیشیا کے شمال اور مشرقی علاقوں میں واقع کئی جزیروں میں 70 سے زائد افراد ہلاک ہوئے جبکہ 70 سے زائد لاپتہ ہیں۔
دوسری جانب مشرقی تیمورکی حکومت کا کہنا تھا کہ کئی جزیروں میں 27 افراد ہلاک اور 7 ہزار سے زائد بے گھر ہوگئے ہیں۔ لیمباٹا کی ضلعی حکومت کے نائب سربرا تھامس اولا لینگوڈے کا کہنا تھا کہ لاشوں کی تلاش کے لیے ربڑ کی کشتیاں استعمال کر رہے ہیں، کئی دیہات میں مزید سیلاب آگیا ہے۔
بی این پی بی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ انڈونیشیا میں تقربیاً30 ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں اور کئی افراد پہلے ہی پناگاہوں میں منتقل ہوگئے ہیں لیکن امدادی کاموں میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ طوفانی بارش کی وجہ سے آنے والے سیلاب نے انڈونیشیا کے فلورس جزیرے سے لے کر مشرقی تیمور تک پھیلے جزیروں پر تباہی مچائی۔
طغیانی اور اس کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ڈیم اوور فلو ہوگئے جس کی وجہ سے ہزاروں مکانات ڈوب گئے اور اس کے نتیجے میں پھنسے ہوئے متاثرین تک پہنچنے میں امدادی ورکرز کو مشکلات کا سامنا ہے۔
انڈونیشین ڈیزاسٹر مِٹیگیشن ایجنسی کے ترجمان رادتیا جاتی نے صحافیوں کو بتایا کہ چار ذیلی اضلاع اور 7 دیہات متاثر ہوئے ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ 41 افراد ہلاک ہو چکے ہیں تاہم 27 افراد تاحال لاپتا ہیں اور 9 افراد زخمی ہیں۔