کورونا ویکسین شدہ لوگ رمضان المبارک سے عمرہ کرسکیں گے

  • سوموار 05 / اپریل / 2021
  • 6200

سعودی عرب نے رمضان المبارک کے  آغاز سے ان غیر ملکی  زائرین کو عمرہ کے لئے آنے کی اجازت دینے کا اعلان کیا ہے جو کورونا ویکسین لگوا چکے ہیں۔

سعودی حکومت نے  عمرہ کرنے والوں کے لیے  نئے قواعد و ضوابط جاری کئے ہیں جن کے تحت نئے فیصلہ کا اعلان کیا گیا ہے۔  سعودی وزارت حج و عمرہ سے جاری بیان کے مطابق صرف ان لوگوں کو عمرے کی سعادت حاصل کرنے کی اجازت ہوگی جن کے پاس کورونا ویکسین لگوانے کا سرٹیفکیٹ موجود ہوگا ۔

قواعد و ضوابط کے تحت عمرے کی ادائیگی سے کم از کم 14 دن پہلے ویکسین لگانا ضروری ہے ۔ سرٹیفکیٹ کے بغیر مسجد الحرام میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ سرکاری اعلان کے مطابق تین طرح کے افراد کو عمرہ کے لئے حرمین شریفین آنے کی اجازت ہوگی۔ ایک جنہوں نے کورونا ویکسین کی دونوں خوراک لے لی ہو۔ دوسرے جنہوں نے کم از کم پندرہ روز قبل ویکسین کی خوراک لی ہو اور  انمیں بیماری کی علامات نہ ہوں۔ تیسرے ایسے لوگ جو کورونا کا شکار ہوکر صحتیاب ہوچکے ہوں۔ ایسے سب لوگ سفر کے لئے محفوظ تصور کئے جائیں گے۔

ان پابندیوں کا اطلاق مسجد نبوی میں داخلہ پر بھی ہوگا۔ اس بیان میں یہ وضاحت موجود نہیں ہے کہ سال رواں حج کے لئے سعودی حکومت کیا پالیسی اختیار کرے گی۔ اور کیا   ویکسین شدہ زائرین کو سعودی عرب آنے کی اجازت دی جائے گی۔