عوامی نیشنل پارٹی نے پی ڈی ایم سے علیحدگی کا اعلان کردیا
- منگل 06 / اپریل / 2021
- 3710
پاکستان میں حزبِ اختلاف کی جماعت عوامی نیشنل پارٹی نے اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ سے الگ ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔
منگل کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اے این پی کے رہنما امیر حیدر خان ہوتی نے الزام لگایا کہ پی ڈی ایم میں شامل کچھ جماعتیں اپنے مخصوص سیاسی ایجنڈے کے لیے پی ڈی ایم کو ہائی جیک کر رہی ہیں۔ عوامی نیشنل پارٹی نے پی ڈی ایم میں اپنے پارٹی رہنماؤں کو حاصل تمام عہدے بھی چھوڑنے کا اعلان کیا ہے۔
امیر حیدر خان ہوتی کا کہنا تھا کہ جنہوں نے عوامی نیشنل پارٹی کو شوکاز نوٹس دیا اُنہوں نے خود پی ڈی ایم کے خاتمے کا اعلان کر دیا تھا۔ اگر کوئی برابری کی سطح پر ہم سے بات نہیں کرتا تو ہم اس کے ساتھ چلنے کو تیار نہیں ہیں۔ خیال رہے کہ پاکستان میں اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے کے لیے حکومتی بینچز کے سینیٹرز سے ووٹ لینے پر پیپلزپارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔
عوامی نیشنل پارٹی اور پیپلزپارٹی نے مولانا فضل الرحمٰن کے اس اقدام پر ناراضی کا اظہار کیا تھا۔ مقامی ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اے این پی کے فیصلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم جماعتوں کا اتحاد ایک بڑے مقصد کے لیے تشکیل دیا گیا تھا۔ مولانا فضل الرحمٰن نے مسلم لیگ (ن) کے اصرار پر پیپلزپارٹی اور اے این پی سے وضاحت طلب کی تھی کہ آخر سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے کے لیے پی ڈی ایم کو اعتماد میں لیے بغیر حکومتی سینیٹرز سے حمایت کیوں لی گئی۔
جے یو آئی ف کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی نے پی ڈی ایم کے فیصلوں کی نفی کی جس پر ان سے وضاحت طلب کی گئی تھی۔ خیال رہے کہ پاکستان میں اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد گزشتہ سال 20 ستمبر کو اسلام آباد میں پیپلزپارٹی کی میزبانی میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں تشکیل دیا گیا تھا۔ اتحاد کے تحت ملک کے بڑے شہروں میں جلسے بھی کیے گئے جب کہ گزشتہ ماہ 26 مارچ کو لانگ مارچ کی کال بھی دی گئی تھی جو اتفاقِ رائے نہ ہونے پر واپس لے لی گئی تھی۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اپنے ردِعمل میں کہا کہ وہ بہت پہلے سے کہہ رہے تھے کہ اس اتحاد میں کوئی جان نہیں ہے اور اب یہ اتحاد خود ہی ٹائیں ٹائیں فش ہو گیا ہے۔ پی ڈی ایم جماعتیں اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کے لیے تیار نہیں ہیں اور ہر جماعت کا اپنا ایجنڈا ہے۔
شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کی سیاست اب ختم ہو چکی ہے اور اب یہ وزیرِ اعظم عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔