این اے 249 ضمنی انتخاب: اے این پی، مسلم لیگ (ن) کے اُمیدوار کے حق میں دستبردار

  • بدھ 07 / اپریل / 2021
  • 6620

عوامی نیشنل پارٹی نے کراچی کے حلقے این اے249 میں مسلم لیگ (ن) کے امید وار مفتاح اسماعیل کے مقابلے میں اپنے امیدوار کا نام واپس لینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان اے اہن پی کی طرف سے اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم چھوڑنے کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سیاسی معاملات میں قیادت ہر معاملہ کے میرٹ پر فیصلہ کرتی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما مفتاح اسمٰعیل نے قومی اسمبلی کے حلقہ 249 پر ہونے والے ضمنی انتخاب میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے اُمیدوار کی ان کے حق میں دستبرداری پر اے این پی کے اس اقدام کو سراہا ہے۔

حلقہ این اے 249 میں انتخابی مہم کے حوالے سے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میں ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اُمید ہے کہ ان کے ووٹ سے ہم اس انتخاب میں کامیابی حاصل کرلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے عوام کی خدمت کی اور ان ہی کی طرح میں بھی این اے 249 کی خدمت کروں گا۔

مفتاح اسمٰعیل نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے اے این پی کا مشکور ہوں جن کے اُمیدوار ہمارے حق میں اس نشست سے دستبردار ہوئے۔ حلقے میں پیپلز پارٹی کی جانب سے حمایت کے لیے رابطے پر کیے گئے ایک سوال کے جواب میں مفتاح اسمٰعیل کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ وہ مشاورت کرکے بتائیں گے تاہم ان کی طرف سے اب تک کوئی جواب نہیں آیا ۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)، جس میں مسلم لیگ (ن) بھی شامل ہے، سے علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان کیا تھا۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) اور جمعیت علمائے اسلام نے سینیٹ میں پیپلز پارٹی کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کو اپوزیشن لیڈر ماننے سے انکار کرتے ہوئے اپنا الگ قائد حزب اختلاف لانے کے لیے حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا تھا۔ پی ڈی ایم کی اتحادی جماعت اے این پی نے پیپلز پارٹی کا امیدوار کی حمایت کی تھی۔