خواتین کو نہیں مردوں کو تبدیل ہونا ہوگا: میئر لندن صادق خان

  • جمعرات 08 / اپریل / 2021
  • 5100

برطانوی دارالحکومت لندن کے میئر پاکستانی نژاد صادق خان نے کہا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ دنیا کو محفوظ بنانے اور خواتین کی حفاظت کے لیے مرد حضرات اپنے آپ کو تبدیل کریں۔

صادق خان نے آئندہ ماہ  لندن میئر کے انتخابات کی مہم کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ دوبارہ منتخب ہوجاتے ہیں تو وہ خواتین کی حفاظت کے لیے مزید سخت قوانین کا نفاذ کریں گے۔ صادق خان نے برطانوی میگزین کاسموپولیٹن کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں بتایا کہ نہ صرف مرد حضرات کو پرتشدد مزاج بدلنا پڑے گا بلکہ دنیا کو خواتین کے لیے محفوظ بنانے کے لیے مرد حضرات کو اپنی سوچ بھی بدلنا پڑے گی۔

صادق خان نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ عوامی مقامات پر جنسی ہراسانی جرم قرار دیا جائے اور اگر وہ اگلی مرتبہ منتخب ہوجاتے ہیں تو وہ جنسی ہراسانی اور گھریلو تشدد کے حوالے سے مزید سخت قوانین نافذ کریں گے۔ وہ دوسری مدت میں منتخب ہونے کے بعد میٹروپولیٹن پولیس کے ہمراہ مل کر گھریلو تشدد اور جنسی ہراسانی جیسے معاملات پر سخت کام کرکے شہر کو خواتین و لڑکیوں کے لیے محفوظ بنائیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں صادق خان کا کہنا تھا کہ ہر خاتون اور لڑکی کو ہر وقت خود کو محفوظ تصور کرنا چاہیے۔ لڑکی کو اس بات کا خوف نہیں ہونا چاہیے کہ انہوں نے کس وقت کیا پہن رکھا ہے۔ انہوں نے ایک ٹوئٹ میں بھی لکھا کہ خواتین کو تبدیل ہونے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ وقت آگیا ہے کہ مرد خود کو تبدیل کریں۔

صادق خان اپنی پہلی میئر شپ کی مدت آئندہ ماہ مئی کے آغاز میں پوری کر رہے ہیں۔ 6 مئی 2021 کو نئے انتخابات ہوں گے۔ صادق خان 6 مئی 2016 کو ہونے والے انتخابات میں میئر منتخب ہوئے تھے۔