عید کے بعد تمام شہری ویکسین رجسٹریشن کروا سکیں گے: اسد عمر

  • جمعرات 08 / اپریل / 2021
  • 6130

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات اسد عمر کا کہنا ہے کہ حکومت عید کے بعد تمام شہریوں کے لیے کورونا ویکسین کی رجسٹریشن کا منصوبہ بنا رہی ہے۔

یہ اعلان ملک میں بدھ کو کورونا سے مسلسل دوسرے روز 100 سے زائد اموات رپورٹ ہونے کے بعد سامنے آیا ہے۔ پاکستان میں کورونا سے مجموعی اموات 15 ہزار سے زائد ہوگئی ہیں۔ رواں ہفتے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے 80 سال سے زائد عمر کے افراد کو ان کے گھروں پر کورونا ویکسین لگانے کا فیصلہ کیا تھا۔

اسلام آباد میں سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر کے حوالے سے آئندہ پانچ سے چھ ہفتوں کو اہم قرار دیا۔  انہوں نے کہا کہ اب تک نجی شعبے سے 14 ہزار افراد نے ویکسین لگوائی ہے جبکہ سرکاری سطح پر  11 لاکھ افراد کو ویکسین لگائی جاچکی ہے۔ ویکسی نیشن کے لیے اس وقت چین، پاکستان کا بنیادی ذریعہ ہے۔ عید کے بعد ملک میں کورونا کی کین سینو ویکسین بھی دستیاب ہوگی۔

عید کے بعد یومیہ ایک لاکھ 25 ہزار سے زائد افراد کو ویکسین لگانے کے قابل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت کورونا کے تشویشناک مریضوں کی تعداد پہلی لہر سے زیادہ ہے جو پریشانی کی بات ہے۔ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کے ذریعے کیسز کی شرح کو کم کیا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ متعدد اقدامات کے باوجود پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کا پھیلاؤ کم ہوتا نظر نہیں آرہا اور ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 19 جون کے بعد سب سے زیادہ رہی۔