جہانگیر ترین کے عشائیے میں 8 ایم این ایز، 10 سے زائد ایم پی ایز کی شرکت

  • ہفتہ 10 / اپریل / 2021
  • 5110

پاکستان تحریک انصاف کے ناراض رہنما جہانگیر ترین کے جمعہ کو دیے گئے عشائیے میں 10 اراکین قومی اسمبلی اور 10 سے زائد اراکین صوبائی اسمبلی نے شرکت کی۔

جہانگیر ترین نے جمعہ کو ایف آئی اے کے لاہور ہیڈکوارٹرز میں اکیلے گئے تھے اور حسب سابق ان کے حامی ارکان اسمبلکی ہمراہ نہیں تھے۔ تاہم شام میں دو وزرا سمیت تقریباً دو درجن قانون ساز ان کی  رہائش گاہ میں عشائیے پر مدعو تھے۔

اس دوران وزیر اعظم عمران خان بھی لاہور میں موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق انہیں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ملاقات میں یقین دہانی کرائی کہ جہانگیر ترین سے اظہار یکجہتی کے لیے ان کے ہمراہ عدالت جانے والے قانون سازوں کا گروپ، جہانگیر ترین کی ضمانت منسوخ ہونے اور گرفتاری کے بعد اپنی سیاسی ساکھ کھو دے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی تحقیقاتی ادارے کی درخواست پر جہانگیر ترین، ان کے بیٹے علی ترین اور اہلیہ کے بینک اکاؤنٹس منجمد کردیے گئے تھے۔ ایف آئی اے لاہور کے ذرائع نے بتایا کہ علی ترین کے 21، جہانگیر ترین کے 14 اور ان کی اہلیہ کا ایک بینک اکاؤنٹ کو منجمد کیا گیا۔

بینک اکاؤنٹس ایف آئی اے لاہور کی درخواست پر منجمد کیے گئے جن میں کروڑوں روپے کی رقم موجود ہے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ 9 سرکاری اور نجی بینکوں نے جہانگیر ترین اور ان کے اہلِ خانہ کے مجموعی طور پر 36 اکاؤنٹس منجمد کیے۔

دوسری جانب مالیاتی فراڈ اور منی لانڈرنگ کیسز کے سلسلے میں جہانگیر ترین اور ان کے بیٹے علی ترین ریکارڈ کے ہمراہ ایف آئی اے لاہور کے دفتر میں پیش ہوئے۔ انہیں مالیاتی اسکینڈل کے مقدمات کی تفتیش کے لیے طلب کیا گیا تھا۔

جہانگیر اور علی ترین تفتیش کے سلسلے میں تقریباً ڈیڑھ گھنٹے ایف آئی اے دفتر میں رہے اور انہوں نے اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا۔ تحقیقاتی ٹیم نے ان سے منی لانڈرنگ اور فراڈ ٹرانزیکشن کے حوالے سے سوالات کیے اور ان کے جوابات ریکارڈ کا حصہ بنادیے گئے۔