بھارت میں ایک روز کے دوران ڈیڑھ لاکھ افراد کورونا کا شکار

  • اتوار 11 / اپریل / 2021
  • 5150

بھارت میں کورونا وائرس کے کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں ریکارڈ ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔

وزارتِ صحت کے مطابق ملک میں اتوار کو ایک لاکھ 52 ہزار 879 نئے کیسز اور 839 اموات رپورٹ ہوئیں۔ بھارت میں ریکارڈ ہونے والے کیسز وبا کے آغاز سے اب تک کے سب سے زیادہ یومیہ کیسز ہیں۔ اتوار کو رپورٹ ہونے والے کیسز میں سے 72 فی صد سے زائد پانچ ریاستوں مہاراشٹرا، چھتیس گڑھ، کرناٹک، اترپردیش اور کیرالہ میں رپورٹ ہوئے ہیں۔

بھارت میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد ایک کروڑ 33 لاکھ 58 ہزار805 ہے جب کہ ایک لاکھ 69 ہزار275 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر میں شدت برقرار ہے۔ ملک میں اتوار کو گزشتہ 24 گھنٹوں میں پانچ ہزار پچاس افراد متاثر جب کہ 114 ہلاک ہوئے ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 46 ہزار 66 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے جس میں 10.96 فی صد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

اتوار کو رپورٹ ہونے والی اموات گزشتہ سال 30 جون کے بعد ایک روز میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔ ملک میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 15 ہزار 443 ہوگئی ہے۔ ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز سات لاکھ 21 ہزار 18 ہیں جن میں سے چھ لاکھ 31 ہزار700 صحت یاب ہو چکے ہیں۔