پورے پاکستان میں کچن ٹرکس کا جال بچھائیں گے: وزیراعظم

  • اتوار 11 / اپریل / 2021
  • 5970

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پشاور اور فیصل آباد میں ’کوئی بھوکا نہ سوئے‘ پروگرام شروع ہوگیا ہے جس سے مستحق اور پسماندہ طبقہ مستفید ہوگا۔

پروگرام کو لاہور، پشاور اور فیصل آباد تک وسعت دینے کی ورچوئل افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان میں کچن ٹرکس کا جال بچھائیں گے۔  پاکستان ایک مقصد کے تحت وجود میں آیا لیکن اس راستے پر نہیں چل سکا۔ آج ہم پر زیادہ قرضے ہیں اور عوام پر پیسہ خرچ کرنے کے لیے محدود وسائل ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اس کے باوجود اللہ کا ہمیں حکم ہے کہ اس راستے پر چلیں تو یہ راستہ قانون کی بالا دستی اور انسانیت کا راستہ ہے۔  یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ معاشرے کے کمزور طبقے کی دیکھ بھال کریں۔

عمران خان نے صوبائی وزرائے اعلیٰ کو ’کوئی بھوکا نہ سوئے‘ پروگرام کے آغاز پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ابھی آپ کو اندازہ نہیں کہ یہ کتنا بڑا کام شروع کیا ہے۔  جب ایک ریاست مستحق افراد کے گھر کھانا پہنچانے کی ذمہ داری لے گی اور مستحق افراد دو وقت کی روٹی کھا سکیں گے تو اللہ کی برکت پاکستان پر نازل ہوگی۔ یہ میرا ایمان ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہے، جہاں عوام سب سے زیادہ خیرات دیتے ہیں۔  شوکت خانم ہسپتال کی تعمیرات کے وقت عوام نے ثابت کردیا۔ ان کے تعاون سے آج مریضوں کا مفت علاج ہورہا ہے۔  پشاور اور کراچی میں بھی کینسر ہسپتال تعمیر ہورہے ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ دوسرے شہروں سے مزدوری کے لیے آنے والوں کے لیے مزید پناہ گاہ کھولیں گے۔ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں پہلی مرتبہ ہیلتھ انشورنس دے رہے ہیں۔ اگلے مرحلے میں پورے ملک میں ہسپتالوں کا جال بچھائیں گے۔

اس سے قبل وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے پروگرام کے ابتدا میں کہا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی پالیسی ہے کہ ملک میں کوئی شخص بھوکا نہ سوئے۔ وزارت تخفیف غربت اور سماجی تحفظ اس پالیسی کو حقیقی روپ دینے کے لیے متحرک ہے۔