دو ہفتوں میں کورونا کی شرح کو نیچے نہ لائے تو صورتحال سنگین ہوجائے گی: فواد چوہدری

  • منگل 13 / اپریل / 2021
  • 3920

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ 2ہفتوں میں کورونا کی شرح کو نیچے نہ لائے تو صورتحال سنگین ہوجائے گی۔

وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد اسلام آباد میں بریفنگ دیتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ کورونا کی تیسری لہر پہلی سے زیادہ خطرناک ہے۔ اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) پر عمل نہ ہوا تو کورونا تیزی سے پھیل سکتا ہے۔

کابینہ کے اجلاس میں وفاقی وزیر اسد عمر نے ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال پر بریفنگ دی اور بتایا کہ اگر صورتحال 2 ہفتوں میں بہتر نہ ہوئی تو اس کے نتیجے میں عید کی شاپنگ اور عید کے دنوں میں کورونا وائرس مزید تیزی سے پھیلے گا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ اب سندھ اور بلوچستان میں کورونا وائرس کی صورتحال تیزی سے بگڑرہی ہے اور ملک میں انتہائی نگہداشت یونٹس میں مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔

فواد چوہدری نے بتایا کہ کورونا کے 4200 مریض انتہائی نگہداشت میں ہیں اور یہ تعداد پہلے سے زیادہ ہے۔ ویکسین کی درآمد پر معاون خصوصی فیصل سلطان اور وفاقی وزیر اسدعمر نےمکمل توجہ رکھی ہوئی ہے۔ کورونا ویکسین کی جلد از جلد درآمد کی کوشش کررہے ہیں اور اس ضمن میں کمیٹی بنائی گئی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا  کہ کابینہ نےپاکستانی مصنوعات کی رجسٹریشن اتھارٹی کی منظوری دی ہے۔  اب اوورسیز پاکستانیوں کو وراثتی  سرٹیفکیٹ کے لیے پاکستان نہیں آنا پڑے گا بلکہ وہ متعلقہ سفارتخانون سے ہی حاصل کرسکیں گے۔

وفاقی کابینہ نیشنل کمیشن انسانی حقوق کا چئیرمین  تعینات کرنے کی منظوری بھی دے دی ہے۔