تحریک لبیک کا فرانسیسی سفیر کی ملک بدری تک دھرنے جاری رکھنے کا اعلان
- منگل 13 / اپریل / 2021
- 7100
تحریک لبیک پاکستان نے کہا ہے کہ احتجاجی دھرنے ختم نہیں ہوں گے بلکہ فرانس کا سفیر ملک بدر ہونے تک دھرنے جاری رہیں گے۔
ٹی ایل پی ترجمان طیب رضوی کا کہنا تھا کہ جب تک ہمارے امیر سعد حسین رضوی خود حکم نہ دیں، ہمارے کارکنان دھرنوں پر موجود رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جن مقامات سے انتظامیہ نے دھرنا ختم کرایا ہے وہاں کارکنان احتجاج کے لیے دوبارہ پہنچیں گے۔ ترجمان ٹی ایل پی نے دعویٰ کیا کہ ملک بھر میں تحریک لبیک کے 12 کارکنان کو مارا جاچکا ہے۔
کراچی پولیس کے مطابق حب ریور روڈ ٹی ایل پی مظاہرین نے پولیس پر پتھر برسائے۔ پولیس نے صورت حال پر قابو پانے کے لئے شیلنگ کی۔ ملک کے مختلف حصوں میں کئی اہم سڑکیں اور شاہراہیں احتجاج کے باعث بند ہونے کی وجہ سے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ کچھ مقامات پر پولیس اور ٹی ایل پی کارکنان کی جھڑپیں بھی ہوئی جس کے نتیجے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ملتان میں بہاولپور بائی پاس پر مظاہرین کا احتجاجی دھرنا جاری ہے اس دوران مظاہرین کی جانب سے پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ کیا گیا جس کے نتیجے میں 4پولیس اہلکار اور ٹی ایل پی کا ایک کارکن زخمی ہوئے۔ گوجرانوالہ میں ٹی ایل پی مظاہرین نے چندا قلعہ چوک میں احتجاجی دھرنا دے رکھا ہے اس دوران ان کے وقفے وقفے سے پولیس کے ساتھ جھڑپیں بھی ہوتی رہیں۔
گجرات کے جی ٹی ایس چوک پر دھرنا دینے والے تحریک لبیک کے کارکنوں کو گرفتار کیا گیا اس دوران وہاں لگے شامیانوں کو آگ لگادی گئی۔ پولیس اور رینجرز کی جانب سے ٹی ایل پی کارکنوں پر آنسو گیس کا استعمال کیا گیا جبکہ کارکنان کی جانب سے پتھر برسائے گئے۔ پولیس کی جانب سے پھینکی گئی آنسو گیس سے راہگیر متاثر ہوئے اور تشدد سے کئی کارکنان بھی زخمی ہوئے۔
کارکنوں کے پتھراو سے درجنوں پولیس اہلکار بھی زخمی جس کے بعد جی ٹی ایس چوک میں رینجرز کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔
نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے بیان کے مطابق ایم-ون، ایم-ٹو، ایم-تھری، ایم-فور، ایم-فائیو، ایم-نائن، آئی ایم ڈی سی ڈبلیو اور ای-35 سمیت تمام موٹرویز ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھلی ہیں۔
تاہم ٹیکسلا بائی پاس، گجر خان سٹی، روات سٹی، دینا سٹی، کینال برج، لالہ موسیٰ، چاند دا قلعہ، مریدکے، پی این ای روڈ، مولن وال، مولن وال بائی پاسم رینالہ خرد، لاہور موڑ، روشن آباد اور لاڑکانہ بائی پاس کے مقامات پر سڑکیں احتجاج کے باعث بند ہیں۔