لاہور ہائی کورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کی درخواست ضمانت منظور کرلی
- بدھ 14 / اپریل / 2021
- 4660
لاہور ہائی کورٹ نے آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی درخواست ضمانت منظور کرلی ہے۔
لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس سردار سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں شہباز شریف کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ عدالت نے شہباز شریف کو ضمانت کے عوض 50 لاکھ روپے کے 2 مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا۔
گزشتہ روز ہونے والی سماعت میں شہباز شریف کے وکیل اعظم تارڑ نے اپنے دلائل مکمل کرلیے تھے جس کے بعد آج پراسیکیٹر نیب فیصل بخاری نے دلائل دیتے ہوئے شہباز شریف کی ضمانت کی مخالفت کی۔
شہباز شریف نے 26 مارچ کو منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔ یاد رہے کہ گزشتہ برس ستمبر میں لاہور ہائی کورٹ نے آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کی ضمانت کی درخواست مسترد کی تھی جس کے بعد قومی احتساب بیورو (نیب) نے انہیں احاطہ عدالت سے ہی گرفتار کرلیا تھا۔
نیب نے احتساب عدالت میں شہباز شریف، ان کے دو بیٹوں اور کنبے کے دیگر افراد کے خلاف منی لانڈرنگ کا 8 ارب روپے کا ریفرنس دائر کیا ہے۔ لاہور کی احتساب عدالت نے شہباز شریف اور ان کے اہل خانہ کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس سماعت کے لیے منظور کیا تھا۔
ریفرنس میں بنیادی طور پر شہباز شریف پر الزام عائد کیا گیا کہ وہ اپنے خاندان کے اراکین اور بے نامی اثاثوں سے فائدہ اٹھا رہے ہیں جن کے پاس ان اثاثوں کے حصول کے کوئی وسائل نہیں تھے۔