تحریک لبیک کا احتجاج تیسرے روز بھی جاری

  • بدھ 14 / اپریل / 2021
  • 5470

تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ سعد حسین رضوی کی گرفتاری کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں شروع ہونے والا احتجاج تیسرے روز بھی جاری ہے۔ مظاہرین نے ملک کی اہم شاہراہوں پر دھرنا دے رکھا ہے جس کی وجہ سے ملک میں آمد و رفت اور ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

مختلف مقامات پر مظاہرین کی پولیس کے ساتھ جھڑپوں کے نتیجے میں اہلکاروں سمیت سینکڑوں افراد زخمی اور متعدد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ ساہیوال میں نیشنل ہائی کو خالی کرانے کے لیے پولیس آپریشن میں 50 سے زائد پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ ڈی ایس پی سلیم راتھ کا کہنا تھا کہ 300 پولیس اہلکاروں نے آپریشن میں حصہ لیا۔

ریسکیو 1122 ذرائع کے مطابق 16 پولیس اہلکاروں کو ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ باقی دیگر کو جائے وقوع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ پاک پتن اور ساہیوال ضلع سے ٹی ایل پی کے تقریباً 120 کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

گجرات میں گزشتہ روز ہونے والے احتجاج کے دوران پتھراؤ اور تشدد سے ڈی پی او عمر سلامت اور ڈی ایس پی خاریاں افتخار تارڑ کے ہمراہ 22 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ علاقے سے 130 ٹی ایل پی اہلکاروں کو پاکستان پینل کوڈ اور انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا۔

رحیم یار خان میں نیشنل ہائی وے پر چوک بہادرپور کے مقام پر ٹی ایل پی کے کیمپ میں بھگدڑ سے ایک راہگیر ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے۔ پولیس کے موقع پر پہنچتے ہی ٹی ایل پی ورکرز مشتعل ہوگئے اور انہوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا۔

فیصل آباد میں مظاہرے کے دوران ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد کے زخمی ہوئے ہیں۔ ٹی ایل پی کے درجنوں ورکرز لاٹھیوں کے ساتھ شہر کے مختلف علاقوں کا چکر لگاتے رہے اور بازار بند کرائے۔ گوجرانوالہ میں چندا دا قلعہ بائی پاس کے مقام پر ٹی ایل پی کارکنوں نے چار پولیس اہلکار اور ایک ریسکیو اہلکار کو شدید زخمی کردیا۔

غازی گھاٹ پل پر ٹی ایل پی کے دھرنے کے خلاف پولیس آپریشن کے دوران درجنوں پولیس اہلکار اور مظاہرین زخمی ہوگئے۔ پولیس نے 80 مظاہرین کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔

نیشنل ہائی ویز موٹر وے پولیس نے شہریوں کو تلقین کی کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور سفر سے قبل راستوں کے حوالے سے معلومات ضرور حاصل کرلیں۔ سائٹ ٹوئٹر پر  ہائی ویز کی بندش کے حوالے سے معلومات میں بتایا گیا ہے کہ ای ایم ای کالونی، چونگ، ماراکا، موہلنوال، موہلنوال بائی پاس اور خانیوال ٹول پلازہ کے مقام پر ہائی ویز احتجاج کی وجہ سے بند ہیں۔

لاہور کی مرکزی شاہراہیں اور راستے بدستور بند ہیں جبکہ کراچی اور اسلام آباد میں بھی ٹریفک معمول سے کم ہے۔ لاہور میں پولیس، رینجرز اور ڈولفن فورس مستقل گشت کررہی ہیں جس کی وجہ سے شہر کے اندر صورتحال قابو میں ہے لیکن شہرکے  مضافات میں تحریک لبیک کے کارکنان کا دھرنا جاری ہے۔