فواد چوہدری کو دوبارہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا قلمدان سونپ دیا گیا
- جمعرات 15 / اپریل / 2021
- 8770
وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کو ایک مرتبہ پھر وزیر اطلاعات و نشریات کا قلمدان سونپ دیا گیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے ایک ٹوئٹر پیغام میں اس بارے میں اطلاع دی ہے۔
سینیٹر فیصل جاوید نے فواد چوہدری کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں دوبارہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مقرر ہونے پر مبارک باد دی۔ فیصل جاوید نے مزید تفصیلات شیئر نہیں کیں۔
خیال رہے کہ حکومت نے اپریل 2019 میں فواد چوہدری سے اطلاعات و نشریات کی وزارت واپس لے کر انہیں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا وزیر بنا دیا تھا۔ بعدازاں 28 اپریل 2019 کو سینیٹر شبلی فراز کو وزیر اطلاعات و نشریات مقرر کیا گیا تھا۔
اس سے قبل فردوس عاشق اعوان وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات کی حیثیت سے بھی کام کرچکی ہیں۔ حالیہ برس میں وزیر اطلاعات و نشریات کے قلمدان میں متعدد تبدیلیاں ہوچکی ہیں۔
فواد چوہدری سے متعلق سینیٹر فیصل جاوید خان کا ٹوئٹ سامنے آیا ہے تاہم خبر فائل ہونے تک سرکاری نوٹی فکیشن موصول نہیں ہوا تھا ۔ اس طرح سرکاری طور سے یہ وزارت تاحال سینیٹر شبلی فراز ہی کے پاس ہے۔