وفاقی کابینہ میں ردوبدل، شوکت ترین وزیر خزانہ ہوں گے
- جمعہ 16 / اپریل / 2021
- 5730
حکومت نے وفاقی کابینہ میں ردو بدل کرتے ہوئے شوکت ترین کو وزیر خزانہ کی ذمے داری دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ حماد اظہر کو وزیر توانائی بنا دیا گیا۔ انہیں ایک ماہ پہلے ہی حفیظ شیخ کی جگہ وزیر خزانہ بنایا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق عمر ایوب سے وزیر توانائی کا چارج واپس لے لیا گیا ہے۔ انہیں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور بنا دیا گیا۔ شبلی فراز سے وزارت اطلاعات کا قلمدان واپس لے کر انہیں وزیر سائنس و ٹیکنالوجی کی ذمے داری دی گئی ہے۔ فواد چوہدری اب وزیر اطلاعات ہوں گے۔ خسرو بختیار وزیر صنعت و پیداوار کے فرائض سر انجام دیں گے۔
واضح رہے کہ فواد چودھری کو گزشتہ روز ہی وزارت اطلاعات کی ذمہ داری تفویض کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا تھا۔ اس سے قبل شبلی فراز وزیر اطلاعات کے فرائض سر انجام دے رہے تھے۔ یاد رہے کہ تحریک انصاف حکومت کابینہ میں اس سے قبل بھی تبدیلیاں کر چکی ہے۔ اس سے پہلے شیخ رشید وزیر ریلوے تھے بعد ازاں انہیں وزیر داخلہ بنا دیا گیا۔ اسی طرح عبدالحفیظ شیخ کو ہٹا کر حماد اظہر کو وفاقی وزیر خزانہ مقرر کیا گیا تھا۔