ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے پر ٹی ایل پی کے خلاف کارروائی کی: وزیر اعظم

  • ہفتہ 17 / اپریل / 2021
  • 4610

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ نے تحریک لبیک پاکستان  کے خلاف ریاست کی عملداری کو چیلنج کرنے پر انسداد دہشت گردی قانون کے تحت کارروائی کی گئی۔

ایک  ٹوئٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ میں اندرون اور بیرون ملک لوگوں کو واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ہماری حکومت نے تحریک لبیک پاکستان کے خلاف انسداد دہشت گردی قانون کے تحت اس وقت کارروائی کی جب انہوں نے ریاست کی عملداری کو چیلنج کیا اور پرتشدد راستہ اختیار کرتے ہوئے عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے کیے۔ انہوں نے کہا کہ 'کوئی بھی قانون اور آئین سے بالاتر نہیں ہے'۔

وزیر اعظم نے اسلاموفوبیا اور نسلی تعصب کے حوالے سے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ 'ہم مسلمان نبی کریم ﷺ سے سب سے زیادہ محبت اور احترام کرتے ہیں جو ہمارے دلوں میں بستے ہیں، ہم ان کی شان میں کسی قسم کی گستاخی برداشت نہیں کر سکتے'۔ انہوں نے کہا کہ مغرب میں دائیں بازوں کے سیاست دانوں سمیت آزادی اظہار کی آڑ میں مذہبی منافرت پھیلانے والے انتہا پسندوں میں اپنے اس رویے پر ایک ارب 30 کروڑ مسلمانوں سے معافی مانگنے کا حوصلہ ہونا چاہیے، ہم ان انتہا پسندوں سے معافی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں مغربی حکومتوں، جنہوں نے ہولوکاسٹ پر منفی تبصروں کو غیر قانونی قرار دیا ہے، سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ اسی معیار کو اپناتے ہوئے ان انتہا پسندوں کو سزا دیں جو جان بوجھ کر نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخی کرکے مسلمانوں سے نفرت کا پیغام پھیلا رہے ہیں۔

گزشتہ روز حکومتِ پاکستان نے تحریک لبیک پاکستان کو کالعدم قرار دے دیا اور وزارت داخلہ نے تنظیم پر پابندی کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا تھا۔ وزارت داخلہ سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق وفاقی حکومت کے پاس یہ ماننے کے لیے مناسب وجہ موجود ہیں کہ تحریک لبیک پاکستان دہشت گردی میں ملوث ہے اور انہوں نے ایسے کام انجام دیے جس سے ملک کے امن اور سیکیورٹی کو خطرات لاحق ہو گئے۔