یو اے ای نے 2 ارب ڈالر قرض واپسی کی مدت میں توسیع کردی، پاکستان کا خیرمقدم
- منگل 20 / اپریل / 2021
- 5690
متحدہ عرب امارات نے پاکستان سے 2 ارب ڈالر کے قرض کی واپسی مؤخر کردی ہے۔ پاکستان نے اس فیصلہ کا خیر مقدم کیا ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ ابوظبی کے دورے پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے خوشگوار تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اعادہ کیا۔ دوران ملاقات وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان کی عالمی سطح پر متحدہ عرب امارات کی مسلسل حمایت اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق ابو ظبی ترقیاتی فنڈز کے ذریعے 2 ارب ڈالر قرض کی ادائیگی میں توسیع کے فیصلہ کیا ہے۔ یو اے ای کے وزیر خارجہ نے یہ اطلاع دیتے ہوئے پاکستان کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ پاکستانی وزیر خارجہ نے اپنے ہم منصب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے دونوں ممالک کے مابین گرم جوشی پر مبنی برادر تعلقات میں مزید اضافہ ہوگا۔
وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ شاہ محمود قریشی نے اپنے ہم منصب کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین صورتحال سے آگاہ کیا اور پاکستان کی افغانستان میں جاری امن و مفاہمت کے عمل کی حمایت کے لیے مستقل کوششوں سے آگاہ کیا۔
وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کے امور بشمول تجارت، سرمایہ کاری، انفرا اسٹرکچر، توانائی، ٹیکنالوجی، سیاحت اور افرادی قوت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔