سابق چیئرمین پیمرا اور سینیئر صحافی ابصار عالم پر قاتلانہ حملہ
- تحریر بی بی سی اردو
- منگل 20 / اپریل / 2021
- 6460
پاکستان کے سینیئر صحافی اور سابق چئیرمین پیمرا ابصار عالم پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گئے ہیں۔
منگل کی شام دارالحکومت اسلام آباد میں ابصار عالم پر اس وقت حملہ ہوا جب وہ ایف الیون پارک میں چہل قدمی کر رہے تھے۔ گولی لگنے کے بعد انہیں ایک پرائیویٹ گاڑی میں ہسپتال شفٹ کیا گیا۔ اس دوران انہوں نے ایک ویڈیو پیغام بھی ریکارڈ کروایا جس میں ان کا کہنا ہے کہ ’میں چہل قدمی کر رہا تھا، مجھے کسی نے گولی مار دی ہے، پیٹ میں میری پسلیوں میں لگی ہے۔'
ان کا کہنا تھا کہ ’میں حوصلہ نہیں ہارا اور نہ میں حوصلہ ہاروں گا۔ یہ میرا پیغام ہے ان لوگوں کو جنہوں نے مجھے گولی مروائی ہے۔ میں حوصلہ چھوڑنے والا نہیں ہوں اور نہ ان چیزوں سے ڈرنے والا ہوں۔' ابصار عالم نے اپنے پیغام میں لوگوں سے کہا کہ وہ انہیں دعاؤں میں یاد رکھیں۔
آخری اطلاعات کے مطابق انہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ وزیر داخلہ شیخ رشید نے ان پر حملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
خیال رہے کہ ابصار عالم گذشتہ 27 برس سے صحافت کے شعبے سے منسلک ہیں۔ وہ موجودہ حکومت کے ایک ناقد کے طور پر جانے جاتے ہیں اور حال ہی میں انہوں نے تحریک لبیک کے ملک بھر میں مظاہروں کے تناظر میں حکومتی اقدامات پر بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنا اظہار خیال کیا تھا۔