لاہور ہائی کورٹ سے شہبازشریف کی ضمانت منظور، رہائی کا حکم
- جمعرات 22 / اپریل / 2021
- 4050
لاہور ہائیکورٹ نے آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی درخواست ضمانت منظور کرکے ان کی رہائی کا حکم دیا ہے۔
جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 3 رکنی ریفری بنچ نے شہباز شریف کے ضمانت کے کیس کی سماعت کی۔ یاد رہے کہ اس سے قبل 14 اپریل کو ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ میں جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے صدر مسلم لیگ (ن) کی ضمانت منظور کی تھی جبکہ جسٹس اسجد جاوید گورال نے مسترد کردی تھی۔ یہ معاملہ ریفری جج کی نامزدگی کے لیے ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کو بھجوایا گیا تھا۔
آج سماعت کرتے ہوئے ریفری بنچ نے شہباز شریف کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دیا اور 50، 50 لاکھ روپے کے 2 مچلکے جمع کروانے کی ہدایت کی۔ شہباز شریف کے وکیل اعظم تارڑ کا کہنا تھا کہ شہاز شریف کے ضمانتی مچلکے کل جمع کرائیں گے کیوں کہ آج عدالتی وقت ختم ہو چکا ہے۔ اس لیے شہباز شریف کی جیل سے رہائی کل ہو گی۔
سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر فیصل بخاری اور عثمان جی راشد چیمہ نے دلائل دیے۔