بھارت میں یومیہ کورونا کیسز کا نیا عالمی ریکارڈ، اسپتالوں میں سہولتوں کی قلت
- جمعرات 22 / اپریل / 2021
- 4380
بھارت میں کورونا وائرس کی صورتِ حال قابو سے باہر ہو رہی ہے۔ ملک میں جمعرات کو کورونا کے مزید تین لاکھ 14 ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہوئے ہیں جو عالمی سطح پر یومیہ کیسز کا نیا ریکارڈ ہے۔
اس سے قبل جنوری میں امریکہ میں ایک روز میں سب سے زیادہ دو لاکھ 97 ہزار 430 کیسز سامنے آئے تھے۔ خیال رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد ایک کروڑ 59 لاکھ 30 ہزار ہے جب کہ اموات ایک لاکھ 84 ہزار 657 ہو گئی ہیں۔ ملک میں کورونا وائرس میں شدت کے باعث اسپتالوں میں بستروں اور آکسیجن کی قلت ہو رہی ہے۔
ذرائع ابلاغ پر مختلف تصاویر زیر گردش ہیں جس میں لوگوں کو مختلف شہروں میں آکسیجن کے خالی سیلنڈرز بھروانے کے لیے قطاروں میں لگتے دیکھا گیا ہے۔ دارالحکومت نئی دہلی سمیت شمالی اور مغربی بھارت کے اسپتالوں نے انتباہ کیا ہے کہ اُن کے پاس آکسیجن کا ذخیرہ ختم ہو رہا ہے۔
دہلی حکومت کے آن لائن ڈیٹا بیس کے مطابق دو تہائی سے زیادہ اسپتالوں میں کوئی بستر خالی نہیں ہے جب کہ ڈاکٹرز مریضوں کو گھروں میں رہنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔ مغربی شہر احمد آباد میں میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر کرت گادھوی نے رائٹرز کو بتایا ہے کہ "صورتِ حال انتہائی نازک ہے۔" ان کے بقول کووڈ-19 کے لیے مختص اسپتالوں میں مریض بستروں کے حصول کی کوشش کر رہے ہیں۔ تاہم یہاں آکسیجن کی شدید قلت ہے۔
بھارت میں نجی ہیلتھ کیئر فرم کے ایگزیکٹو چیئرمین کرن مزمدار شاؤ کا کہنا ہے کہ ہمیں یہ اندازہ نہیں تھا کہ دوسری لہر اتنی شدید ہو گی۔ ان کے بقول لاپرواہی کے باعث ادویات اور طبی سہولیات کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے۔
دوسری جانب امریکہ کی ساؤتھ کیرولائنا میڈیکل یونیورسٹی میں شعبہ متعدی امراض کی اسسٹنٹ پروفیسر کروتیکا کوپالی نے ٹوئٹر پر کہا کہ یہ بحران صحت کے نظام کی تباہی کی طرف بڑھ رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ وائرس کی نئی اقسام خصوصاً 'ڈبل میوٹنٹ' کی وجہ سے وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ ہوا ہے۔
اشوکا یونیورسٹی کے ایک پروفیسر گوتم آئی مینن کا کہنا ہے کہ 'ڈبل میوٹنٹ' وائرس کی پرانی قسم سے زیادہ متعدی ہے۔ یاد رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کی ویکسی نیشن کا بھی آغاز کیا گیا ہے تاہم آبادی کے تناسب سے ابھی بہت کم لوگوں کو ویکسین لگائی جا سکی ہے۔
حکام نے اعلان کیا ہے کہ یکم مئی سے تمام بالغوں کے لیے ویکسین دستیاب ہو گی لیکن ماہرین کہتے ہیں کہ بھارت کے پاس 60 کروڑ لوگوں کے لیے ویکسین نہیں ہو گی۔
خیال رہے کہ بھارت میں کورونا کیسز میں اضافے کے باوجود ریاستی انتخابات کے لیے جلسے جلوس ہو رہے ہیں جب کہ ریاست اتراکھنڈ میں ہری دوار کے کمبھ میلے میں لاکھوں لوگوں کو جمع ہونے کی اجازت دینے پر حکومت کو تنقید کا سامنا ہے۔