فیصل ایدھی نے کورونا بحران سے نمٹنے کے لئے بھارت کو امداد کی پیش کش کردی
- جمعہ 23 / اپریل / 2021
- 7690
معروفی سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کے بیٹے اور ایدھی فاؤنڈیشن کے چیئرمین فیصل ایدھی نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے نام خط میں بھارت میں کورونا سے پیدا ہونے والے بحران میں مدد کی پیشکش کی ہے۔
ایدھی فاؤنڈیشن سے جاری بیان کے مطابق فیصل ایدھی نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ ہم کورونا بحران کے باعث بھارت کے عوام پر پڑنے والے اثر پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ہمیں آپ کے ملک میں کورونا کے انتہائی سنگین اثرات کا سن کر افسوس ہوا، جہاں عوام کی بڑی تعداد بے حد تکلیف میں مبتلا ہے۔ فیصل ایدھی نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ایدھی فاؤنڈیشن کی ہمدردیاں بھارت کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے بھارتی وزیر اعظم کو 50 ایمبولینس اور رضاکاروں کی ٹیم بھارت بھیجنے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود رضاکاروں کی ٹیم کی قیادت کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ایدھی فاؤنڈیشن حالات کی سنجیدگی سے واقف ہے اور ہم بھارت کی پوری طرح مدد کے لیے تیار ہیں۔ بھارتی عوام کی مدد کے لیے ہماری ٹیم تمام ضروری سامان کا انتظام کر لے گی۔
چیئرمین ایدھی فاؤنڈیشن نے اپنے خط میں واضح کیا کہ ہم آپ سے کسی معاونت کی درخواست نہیں کر رہے، ہماری ٹیم کو درکار ایندھن، خوراک اور دیگر ضروری سامان کا بندوبست ہم خود کر لیں گے۔ ہماری ٹیم ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشنز، آفس عملے، ڈرائیورز اور معاون عملے پر مشتمل ہے۔
مجوزہ سروس پر عملدرآمد کے لیے بھارت میں داخلے کی اجازت کے علاوہ مقامی انتظامیہ اور محکمہ پولیس کی جانب سے ضروری ہدایات کی درخواست ہے۔ ہم آپ کی ہدایت پر کسی ہچکچاہٹ کے بغیر کسی بھی تشویشناک صورتحال والے علاقے میں اپنی ٹیم تعینات کرنے کے لیے تیار ہیں۔
ادارے کے بیان میں کہا گیا کہ فیصل ایدھی اجازت ملتے ہی اپنی خصوصی رضاکار ٹیم کے ہمراہ بھارت روانہ ہوجائیں گے۔