پاکستان میں کورونا پابندیوں پر عمل درآمد کے لئے فوج طلب کرلی گئی

  • جمعہ 23 / اپریل / 2021
  • 5660

کورونا کی تیزی سے بگڑتی صورتحال کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان نے شہروں میں فوج طلب کر لی ہے تاکہ کورونا کی روک تھام کے لئے پابندیوں پر مکمل عملدرآمد کرایا جا سکے۔

وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت کورونا وائرس کی صورتِ حال پر اجلاس کے دوران اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔  اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کے دوران وزیرِ اعظم نے کہا کہ کورونا وائرس کی احتیاط پر عمل درآمد کرانے کے سلسلے میں پولیس کی معاونت کے لیے فوج سے مدد کو کہا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ اگر ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کیا گیا تو شہروں کو بند بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے ملک بھر میں نئی پابندیوں کا اعلان کیا ہے۔  اسد عمر کے مطابق دفتری اوقات دوپہر دو بجے تک محدود ہوں گے۔ عید تک آؤٹ ڈور ڈائننگ پر پابندی ہو گی جب کہ شام چھ بجے تک تمام بازار بند ہوجائیں گے تاہم ضروری اشیا کی دکانیں کھلی رہیں گی۔  اسد عمر نے اعلان کیا کہ وہ اضلاع جہاں کیسز کی شرح پانچ فی صد ہو گی وہاں تمام اسکول بند رہیں گے۔

بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے تین لاکھ 32 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ عالمی سطح پر یومیہ کیسز کی یہ ریکارڈ تعداد ہے۔  بھارت میں مسلسل دوسرے روز کرونا وائرس کے تین لاکھ سے زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں۔ وزارتِ صحت کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں وبا کے شکار مزید 2263 مریض ہلاک ہوئے ہیں جو اب تک وبا سے ہونے والی اموات کی ریکارڈ تعداد ہے۔

بھارت میں کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد ایک کروڑ 62 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ وبا سے اب تک ایک لاکھ 86 ہزار 928 مریض ہلاک ہو چکے ہیں۔  سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں ایکٹو کیسز کی تعداد 24 لاکھ سے زیادہ ہے۔

کورونا کیسز اور اموات میں حالیہ اضافے کے بعد وزیرِ اعظم نریندر مودی نے انتخابی مہم کے سلسلے میں جمعے کو بنگال کا دورہ منسوخ کر دیا ہے اور وہ آج ملک بھر میں کورونا وائرس کی صورتِ حال پر اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔