قومیں بمباری یا جنگوں سے نہیں کرپشن سے تباہ ہوتی ہیں: عمران خان
- اتوار 25 / اپریل / 2021
- 8440
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قومیں بمباری اورجنگوں سے تباہ نہیں ہوتی بلکہ جب حکمران کرپشن کرتے ہیں تو قوم تباہ ہوجاتی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے یوم تاسیس کے حوالے سے اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ ایک قوم وسائل کی کمی کی وجہ سے تباہ نہیں ہوتی۔ قوم کے اوپر بمباری کریں اورجنگیں ہوجائیں تو اس سے بھی نکل آتی ہے لیکن قوم کرپشن کی وجہ سے تباہ ہوجاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن دو قسم کی ہوتی ہے، ایک تو نچلا سرکاری نوکر۔ پٹواری اور تھانیدار کرپشن کرتا ہے، جس سے لوگ تنگ ہوتے ہیں۔ جو کرپشن قوموں کو تباہ کرتی ہے وہ جب ملک کے حکمران، وزیراعظم اور وزیر کرپشن شروع کرتے ہیں تو قوم مقروض ہو کر تباہ ہوجاتی ہے۔ یہ ساری کہانی تیسری دنیا کے تمام ممالک کی ہے، وہاں ان کے حکمران وہی کر رہے ہیں جو ہمارے حکمران کر رہے تھے۔ جب میں نے یہ پارٹی بنائی اس وقت یہ لوگ یہی کر رہے تھے۔
ملک کا پیسہ چوری اور منی لانڈرنگ کرکے باہر لے جارہے تھے تو میں نے اپنے دوستوں کے ساتھ فیصلہ کیا کہ ہم ایک پارٹی بنائیں گے، جس کا نام انصاف رکھا کیونکہ جب انصاف ہوتا ہے تو کرپشن ختم ہوجاتی ہے۔ انصاف کا مطلب قانون کی بالادستی، قانون کی بالادستی کا مطلب کمزور اور طاقت ور برابر ہیں۔