پاکستان کے 16 شہروں میں فوج تعینات کردی گئی ہے: آئی ایس پی آر

  • سوموار 26 / اپریل / 2021
  • 4690

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ  کے ڈائریکٹر جنرل  میجر جنرل بابرافتخار نے کہا کہ وفاقی حکومت کے احکامات کے مطابق ملک بھر میں آرٹیکل 245 کے تحت سول اداروں کی معاونت کے لیے طلب کیا گیا ہے۔

پاکستان میں اس وقت کووڈ کے 90 ہزار سے زائد فعال کیسز ہیں۔ پاکستان کے 16 شہروں میں فوجی اہلکاروں کی تعیناتی کی گئی ہے۔ یاد رہے کہ وفاقی وزارت داخلہ نے گزشتہ روز کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کے لیے صوبوں اور وفاقی اکائیوں میں پاک فوج کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا تھا۔

ٹوئٹر پر جاری کردہ ایک ویڈیو پیغام میں وزیر داخلہ شیخ رشید نے بتایا تھا کہ نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر ایس او پیز نافذ کرنے کے لیے فوج کی خدمات لیں گے۔ وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ فوج ہمیشہ ملک میں سیلاب زلزلے سمیت تمام قدرتی آفات میں اپنی قوم کے ساتھ کھڑی ہوئی ہے۔

چنانچہ 23 اپریل کو وزیراعظم عمران کی سربراہی میں قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا جس میں یہ طے ہوا تھا کہ کووِڈ 19 ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے فوج کی خدمات لی جائیں گی اور انہیں تمام صوبوں میں یہ ذمہ داری دی جائے، اس لیے آج وزارت داخلہ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا تھا کہ یہ ایک بڑا فیصلہ ہے کیوں کہ ہمارے پڑوسی ملک بھارت میں یومیہ ساڑھے 3 سے 4 لاکھ کیسز سامنے آرہے ہیں ایسی صورتحال میں پاک فوج کو یہ ذمہ داری دی گئی ہے تا کہ صحیح طور پر کووِڈ 19 کے ایس او پیز پر عملدرآمد کروایا جاسکے۔